’آج میرے بچپن کا خواب پورا ہوگیا‘، اسٹار فٹبالر امباپے ریال میڈرڈ کا حصہ بن گئے
فرانسیسی اسٹار فٹبالر کائلان ایمباپے نے میڈرڈ کے فٹبال اسٹیڈیم میں 80 ہزار تماشائیوں کے سامنے ریال میڈرڈ میں باضابطہ شمولیت اختیار کرنے کی تقریب کے دوران کہا ’آج میرا بچپن کا خواب پورا ہوگیا‘۔
غیر ملکی خبررساں اداروں کی رپورٹ کے مطابق اسپین کے دارالحکومت میڈرڈ کے سینٹیاگو برنابیو اسٹیڈیم میں موجود تماشائیوں کو بتایا ’میں کئی سالوں سے ریال میڈرڈ کے لیے کھیلنے کا خواب دیکھتا آرہا ہوں اور آج میرا یہ خواب حقیقت میں بدل گیا۔
فرانسیسی اسٹرائیکر نے منگل کی صبح ہسپانوی کلب ریال میڈرڈ سے 5 سالہ معاہدے پر دستخط کیے اور کلب کے صدر فلورینٹینو پیریز کی طرف سے انہیں 9 نمبر کی شرٹ دی گئی۔
کائلان ایمباپے نے ٹوٹی پھوٹی ہسپانوی زبان بول کر صحافیوں کو حیران کر دیا، انہوں نے کہا کہ میں نے اسکول میں یہ زبان سیکھنا شروع کردی تھی اور پھر پیرس سینٹ جرمن میں ہسپانوی مینیجرز کے ساتھ پریکٹس جاری رکھی کیونکہ وہ جانتے تھے کہ انہیں ایک دن یہ زبان بولنے کی ضرورت پیش آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ میں پڑھائی میں بالکل بھی اچھا نہیں تھا لیکن میرا یہ خواب تھا کہ میں ریال میڈرڈ کے لیے کھیلوں اور اب میں اس بات کو یقینی بناؤں گا کہ اس تاریخی کلب کو مزید اونچائیوں پر لے کر جاؤں اور اس کے لیے میں بھرپور کوشش کروں گا۔
امباپے نے چھوٹے مداحوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ’آپ سب کو ایک پیغام دینا چاہتا ہوں کہ میں بھی آپ جیسا تھا لیکن میں نے ایک خواب دیکھا اور آج اسے پورا کردیا، میرا ماننا ہے کہ جذبے کے ساتھ آپ جو چاہیں کرسکتے ہیں، آج میں یہاں ہوں اور اگلی بار آپ میں سے کوئی ہوسکتا ہے۔
اس موقع پر ریال میڈرڈ کے صدر فلورینٹینو پیریز نے کہا کہ ایک اپنے کلب میں ایک غیر معمولی کھلاڑی کا خیرمقدم کرنا چاہیں گے جو ہماری فتوحات کے سلسلے کو آگے بڑھائے گا۔
انہوں نے تماشائیوں سے کہا ’میں جانتا ہوں آپ دسمبر 2012 کا وہ دن کبھی نہیں بھولیں گے، جب زینڈین زیڈان نے آپ کو ریئل میڈرڈ سٹی کا دورہ کرنے کی دعوت دی اور آپ کے پسندیدہ کھلاڑی سے ملنے کی دعوت دی، ہزاروں لوگ کرسٹیانو رونالڈو کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے جمع ہوئے تھے، جب انہوں نے کلب سے معاہدہ کیا تھا۔
امباپے کو ریال میڈرڈ سے ڈیبیو کرنے کے لیے اگلے ہفتے تک انتظار کرنا پڑ سکتا ہے جب ریال میڈرڈ کا سامنا ریال ویلاڈولڈ سے ہوگا۔
واضح رہے کہ امباپے کا فرانسیسی کلب پیرس سینٹ جرمین سے معاہدہ ختم ہوگیا تھا اور انہوں نے اپنے معاہدے کی تجدید نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔