ٹانک میں ججز پر حملہ، ہائی کورٹ رجسٹرار کی سربراہی میں کمیٹی بنانے کا فیصلہ
ٹانک میں ججز پر حملے کے واقعے پر پشاور ہائی کورٹ کے رجسٹرر کی سربراہی میں کمیٹی بنانے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
ڈان نیوز کے مطابق چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ جسٹس اشتیاق ابراہیم کی زیرصدارت اہم اجلاس ہوا جس میں چیف سیکریٹری اور آئی جی پولیس سمیت دیگر حکام بھی موجود تھے۔
اجلاس میں ٹانک میں ججز پر حملے کے واقعے پر غور کیا گیا اور پولیس افسران نے حملے پر بریفنگ دی۔
چیف جسٹس اشتیاق ابراہیم نے ہدایت کی کہ ججز کو فل پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے۔
اجلاس میں ٹانک میں ججز پر حملے کے واقعے پر پشاور ہائی کورٹ کے رجسٹرر کی سربراہی میں کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔
یہ کمیٹی ججز کی سیکیورٹی کے لیے موثر اقدامات پر غور کرے گی۔
اجلاس میں شہید دونوں پولیس اہلکاروں کےایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی اور شہدا کے لواحقین کے لیے 40 لاکھ روپے کا اعلان بھی کیا گیا۔
واضح رہے کہ تین روز قبل خیبرپختونخوا کے ضلع ٹانک میں ججز کے اسکواڈ کی گاڑیوں کے قافلے پر حملہ کیا گیا تھا جس کے نتیجے میں 2پولیس اہلکار شہید ہوگئے تھے۔
اس حملے میں ججز محفوظ رہے تھے۔