آئی سی سی نے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل کی تاریخ اور وینیو کا اعلان کردیا

شائع September 3, 2024
— فوٹو: آئی سی سی
— فوٹو: آئی سی سی

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل کی تاریخ اور وینیو کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ فائنل 11 سے 15 جون 2025 کو لارڈز میں کھیلا جائےگا۔

کھیلوں کی ویب سائٹ کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل کے لیے اس وقت آسٹریلیا اور بھارت سب سے مضبوط امیدوار تصور کیے جارہے ہیں کیوں کہ دونوں ہی اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہیں۔

آئی سی سی کے مطابق ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں بھارت 68.52 پوائنٹس کے ساتھ پہلے اور آسٹریلیا 62.50 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے تاہم اگلے سال تک کوئی بھی ٹیم اوپر آسکتی ہے لہذا فائنلسٹ کے حوالے سے ابھی حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جاسکتا ہے۔

بھارت کو پچھلے دونوں ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا اور ابھی اس کے 10 ٹیسٹ میچز باقی ہیں جن میں 5 ٹیسٹ ہوم سیریز (بنگلہ دیش 2، نیوزی لینڈ 3) جب کہ 5 ٹیسٹ آسٹریلیا کے خلاف ان کے ملک میں ہی شیڈول ہیں۔

ورلڈکپ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا دفاعی چیئمپن آسٹریلیا کو بھارت کے علاوہ سری لنکا جاکر 2 ٹیسٹ میچز بھی کھیلنے ہیں۔

آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز نے ایک بیان میں کہا کہ ہماری ٹیم کے لیے ٹیسٹ چیمپئن شپ جیتنا بہت بڑا ہدف تھا اور اب بھی ہے کیوں کہ یہ کسی بھی ٹیم کے 2 سال کی محنت اور مستقل مزاجی کا نتیجہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ ہم اس بار پھر سے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ جیتنے میں کامیاب ہوں گے تاہم اس دوران ابھی بہت کرکٹ کھیلنا باقی ہے اور شائقین کرکٹ ہمیں ٹائٹل کا دفاع کرتے دیکھ سکتے ہیں۔

ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں نیوزی لینڈ 50 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے، انگلینڈ 45 کے ساتھ چوتھے، جنوبی افریقہ 38 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے جب کہ پاکستان کو ہوم گراؤنڈ پر 2 میچوں کی سیریز میں وائٹ واش کرنے والی بنگلہ دیشی ٹیم 35 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہے جب کہ سری لنکا، پاکستان اور ویسٹ انڈیز آخری کے تین نمبروں پر موجود ہیں۔

اب تک ہونے والے تینوں ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل انگلینڈ میں ہی کھیلے گئے ہیں، پہلا فائنل ساؤتھمپٹن اور دوسرا اوول میں کھیلا گیا جب کہ تیسرا فائنل لندن کے لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔

واضح رہے کہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے ابتدائی دو فائنل نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا نے جیتے تھے، دونوں ٹیموں نے فائنل میں بھارت کو شکست دی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 6 اکتوبر 2024
کارٹون : 4 اکتوبر 2024