• KHI: Maghrib 6:05pm Isha 7:21pm
  • LHR: Maghrib 5:30pm Isha 6:51pm
  • ISB: Maghrib 5:34pm Isha 6:57pm
  • KHI: Maghrib 6:05pm Isha 7:21pm
  • LHR: Maghrib 5:30pm Isha 6:51pm
  • ISB: Maghrib 5:34pm Isha 6:57pm

بیٹیوں کو تنگ کیے جانے کی وجہ سے شوہر نے ولن بننا چھوڑ دیا، اہلیہ عدنان شاہ ٹیپو

شائع September 14, 2024
—فوٹو: فیس بک
—فوٹو: فیس بک

معروف اداکار عدنان شاہ ٹیپو کی اہلیہ حاجرہ شاہ نے انکشاف کیا ہے کہ بیٹیوں کو اسکول میں تنگ کیے جانے کی وجہ سے ان کے شوہر نے ڈراموں اور فلموں میں ولن کے کردار کرنا کم کردیے۔

عدنان شاہ ٹیپو اور ان کی اہلیہ حال ہی میں سما ٹی وی کےمارننگ شو میں شریک ہوئے، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر بات کی۔

دونوں نے شوبز شخصیات کے بچوں ہونے کی وجہ سے ان کے بچوں کو تعلیمی اداروں میں ملنے والی سہولیات یا نقصانات پر بھی کھل کر بات کی۔

عدنان شاہ ٹیپو کا کہنا تھا کہ ان کے بچوں کو دیکھ کر ضرور باقی بچوں میں احساس کمتری پیدا ہوتی ہوگی، وہ سمجھتے ہوں گے کہ اگر ان کے دوستوں کے والد اتنے مشہور ہیں تو ان کے والد کیوں نہیں؟

ان کی بات پر ان کی اہلیہ نے بتایا کہ انہیں شوہر کے مشہور ہونے کی وجہ سے مشکلات پیش آتی ہیں، ان کے بچوں کو اسکول میں تنگ کرکے طعنے دیے جاتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پوری دنیا میں شوبز شخصیات کے بچوں کے تعلیمی ادارے الگ ہوتے ہیں، یہاں بھی ایسے ہی اسکول ہوں، جہاں صرف شوبز شخصیات کے بچے پڑھتے ہوں۔

ان کے مطابق ان کے بچوں کو تنگ کیا جاتا ہے جو بچے انہیں تنگ کرتے ہیں، ان کے والدین کو چاہیے کہ وہ اپنے بچوں کی درست تربیت کریں۔

اداکار کی اہلیہ کا کہنا تھا کہ جو بچے ان کے بچوں کو والد کے طعنے دے کر انہیں تنگ کرتے ہیں، ایسے بچوں کو اسکول میں داخلہ ہی نہیں دینا چاہیے، ایسے بچوں کی تربیت والدین اور اساتذہ کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ جس طرح باقی بچوں کے والدین کاروبار یا دوسرا کام کرکے پیسے کماتے ہیں، اسی طرح ان کے شوہر بھی اداکاری کرکے پیسے کماتے ہیں، ان کے بچوں کو طعنے نہیں دیے جانے چاہیے۔

اہلیہ عدنان شاہ ٹیپو نے دعویٰ کیا کہ ان کی بچیوں کو اسکول میں والد کے ولن بننے کے طعنے دے کر انہیں کہا جاتا ہے کہ ان کے والد برے شخص ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسکول میں ساتھیوں سے طعنے ملنے کے بعد بیٹیاں والد کو آکر ولن کے کردار ادا نہ کرنے کا کہتی ہیں اور دھمکی دیتی ہیں کہ اگر پھر ان کے والد منفی کردار میں نظر آئے تو وہ اسکول نہیں جائیں گی۔

اہلیہ عدنان شاہ ٹیپو نے دعویٰ کیا کہ بیٹیوں کو تنگ کیے جانے اور بیٹیوں کی فرمائش پر ہی ان کے شوہر نے اب ولن کے کردار ادا کرنا چھوڑ دیے ہیں، انہوں نے منفی کردار کم کردیے۔

اس پر عدنان شاہ ٹیپو نے بھی کہا کہ کیا کریں، ان کی مجبوری ہے۔

کارٹون

کارٹون : 15 اکتوبر 2024
کارٹون : 14 اکتوبر 2024