عدنان صدیقی کو اسکول میں مارتی تھی، عتیقہ اوڈھو کا انکشاف

شائع September 28, 2024
—فوٹو: انسٹاگرام
—فوٹو: انسٹاگرام

سینیئر اداکارہ عتیقہ اوڈھو نے انکشاف کیا ہے کہ وہ اور عدنان صدیقی ایک ہی اسکول میں پڑھتے تھے اور وہ اسکول کے زمانے میں اداکار کو خوب مارا کرتی تھیں۔

عتیقہ اوڈھو نے حال ہی میں ’کیا ڈراما ہے‘ نامی پروگرام میں عدنان صدیقی کی اداکاری اور شخصیت پر بات کرتے ہوئے انہیں ”ہینڈسم“ بھی قرار دیا۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ عدنان صدیقی اب زائد العمری میں ہینڈسم بن گئے ہیں، وہ ماضی اور جوانی کے مقابلے اب زیادہ خوبصورت ہوچکے ہیں۔

ان کے مطابق اب نہ صرف وہ منجھے ہوئے اداکار بن چکے ہیں بلکہ ان کی شخصیت، ان کے جسمانی خدوخال بھی بہتر ہوکر گئے ہیں اور وہ دکھنے میں بھی پیارے لگتے ہیں۔

انہوں نے ان کی اداکاری کی بھی تعریفیں کیں اور ساتھ ہی انکشاف کیا کہ وہ ایک ہی اسکول میں پڑھ چکے ہیں جب کہ وہ کلاس فیلوز بھی رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ وہ اور عدنان صدیقی صوبائی دارالحکومت کراچی کے ایک اسکول میں ایک ساتھ پڑھے ہیں، جہاں پانچویں جماعت تک لڑکوں اور لڑکیوں کو ایک ساتھ پڑھایا جاتا ہے۔

عتیقہ اوڈھو کا کہنا تھا کہ اسکول کے دوران وہ عدنان صدیقی کو خوب مارا کرتی تھیں اور وہ یہ بات پہلے بھی بتا چکی ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں عتیقہ اوڈھو نے بتایا کہ انہیں عدنان صدیقی کو مارنے کی وجہ یاد نہیں لیکن انہیں اتنا یاد ہے کہ وہ انہیں اسکول میں خوب مارا کرتی تھیں۔

اداکارہ کے مطابق وہ اسکول میں ٹام بوائے بنی پھرتی تھیں، اس لیے وہ آئے دن عدنان صدیقی کو بھی مارتی تھیں۔

ان کی بات سن کر روبینہ اشرف اور نادیہ خان نے کہا کہ عدنان صدیقی شرارتی بہت ہیں، اس لیے عتیقہ اوڈھو انہیں بچپن میں مارتی ہوں گی۔

کارٹون

کارٹون : 4 اکتوبر 2024
کارٹون : 3 اکتوبر 2024