• KHI: Fajr 5:46am Sunrise 7:07am
  • LHR: Fajr 5:26am Sunrise 6:53am
  • ISB: Fajr 5:34am Sunrise 7:03am
  • KHI: Fajr 5:46am Sunrise 7:07am
  • LHR: Fajr 5:26am Sunrise 6:53am
  • ISB: Fajr 5:34am Sunrise 7:03am

عمران خان کبھی کوئی ڈیل نہیں کریں گے، علیمہ خان

شائع October 31, 2024
پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان— فائل فوٹو: ڈان نیوز
پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان— فائل فوٹو: ڈان نیوز

سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ عمران خان کبھی کوئی ڈیل نہیں کریں گے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق اڈیالہ جیل میں اپنے بھائی سے ملاقات کے بعد علیمہ خان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے اعلان کیا ہے کہ وہ جیل عملے کے رویے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کریں گے تاکہ دیگر قیدیوں کے ساتھ ایسا سلوک نہ کیا جائے۔

بانی پی ٹی آئی سے جیل میں ملاقات کے دوران ان کی دیگر بہنیں عظمیٰ خان اور نورین خان بھی علیمہ خان کے ہمراہ تھیں۔

علیمہ خان کے مطابق عمران خان نے کہا کہ انہیں 10 دن تک 10-6 فٹ کی کوٹھری میں رکھا گیا، کسی نے انہیں یہ نہیں بتایا کہ انہیں وہاں کیوں رکھا گیا اور انہیں بجلی سے کیوں محروم رکھا گیا۔

سابق وزیر اعظم کی بہن نے کہا کہ ’بانی پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ جیل حکام کا رویہ آئین کی خلاف ورزی کے مترادف ہے، انہیں لگتا ہے کہ وہ اس طرح کے ہتھکنڈوں سے مجھے توڑ دیں گے‘۔

علیمہ خان نے کہا کہ بجلی نہ ہونے کی وجہ سے ان کے بجلی کے چولہے پر کھانا نہیں پکایا جاسکا، وہ جیل کا مضر صحت کھانا کھانے پر مجبور تھے جس سے انہیں الٹیاں ہوئیں، اور اس دوران ان سے کسی کو ملنے کی اجازت بھی نہیں دی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہر قیدی کو اپنے اہل خانہ سے ملنے کا حق ہے لیکن عمران خان کو 3 ہفتوں تک اپنے اہل خانہ اور وکلا سے ملنے کی اجازت نہیں دی گئی۔

علیمہ خان نے مزید کہا کہ ’خلائی مخلوق یہ افواہیں پھیلا رہی ہے کہ عمران خان نے ڈیل کرلی ہے، تاہم انہوں نے واضح کیا ہے کہ وہ کبھی کسی کے ساتھ ڈیل نہیں کریں گے‘۔

علیمہ خان کے مطابق عمران خان نے کہا کہ آپ ان کے خلاف فوجی عدالت میں مقدمہ شروع کر سکتے ہیں اور انہیں فوجی جیل میں ڈال سکتے ہیں لیکن وہ پھر بھی ہتھیار نہیں ڈالیں گے اور کبھی اپنے موقف سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

علیمہ خان نے کہا کہ عمران خان کا واضح موقف ہے کہ قانون کی حکمرانی اور جمہوریت ہونی چاہیے جب کہ بانی پی ٹی آئی نے عوام کو یہ پیغام بھی دیا ہے کہ وہ اپنے حقوق کے لیے کھڑے ہوں۔

عمران خان سے شیر افضل مروت اور شعیب شاہین نے بھی ملاقات کی تاہم علی محمد خان کو ان سے ملنے کی اجازت نہیں دی گئی۔

کارٹون

کارٹون : 11 دسمبر 2024
کارٹون : 10 دسمبر 2024