• KHI: Zuhr 12:39pm Asr 5:01pm
  • LHR: Zuhr 12:10pm Asr 4:31pm
  • ISB: Zuhr 12:15pm Asr 4:35pm
  • KHI: Zuhr 12:39pm Asr 5:01pm
  • LHR: Zuhr 12:10pm Asr 4:31pm
  • ISB: Zuhr 12:15pm Asr 4:35pm

مقبوضہ کشمیر میں پر اسرار بیماری سے 17 افراد ہلاک، بھارت نے تحقیقات کا آغاز کردیا

شائع January 25, 2025
— فوٹو: ڈان
— فوٹو: ڈان

بھارتی حکام ایک پراسرار بیماری کی تحقیقات کررہے ہیں جس سے مقبوضہ کشمیر کے سرحدی ضلع راجوری کے گاؤں بڈھال میں اب تک 17 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

غیر ملکی خبررساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے ایک گاؤں بڈھال میں اس بیماری کے سبب دسمبر کے اوائل سے اب تک ہلاک ہونے والوں میں 13 بچے بھی شامل ہیں جب کہ کئی افراد راجوری، جموں اور چندی گڑھ کے ہسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں۔

پریس ٹرسٹ آف انڈیا (پی ٹی آئی) نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق رواں ہفتے کے دوران گاؤں کو ’کنٹینمنٹ زون‘ قرار دیا گیا ہے اور تقریبا 230 لوگوں کو قرنطینہ میں رکھا گیا ہے جن میں اس بیماری سے متاثر ہونے والے افراد کے رشتہ داروں سمیت وہ افراد بھی شامل ہیں جو ان سے رابطے میں تھے۔

راجوری کے سرکاری میڈیکل کالج کے سربراہ امرجیت سنگھ بھاٹیا نے بتایا کہ اس بیماری سے تمام متاثرہ افراد کے دماغ اور اعصابی نظام کو نقصان پہنچا ہے جب کہ ہلاک ہونے والے افراد کا تعلق 3 خاندانوں سے تھا۔

انہوں نے کہا کہ ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کے لیے موسم سرما کی تعطیلات بھی منسوخ کردی گئی ہیں۔

راجوری کے ڈپٹی کمشنر ابھیشیک شرما کے مطابق بیماری کی روک تھام کے لیے متعدد اقدامات کیے گئے ہیں، لوگوں کی نقل و حرکت کو محدود کرنے کے لیے علاقے میں نگرانی کے جامع اقدامات اُٹھائے گئے ہیں۔

بھارت نے اس بیماری سے متعلق تحقیقات کا آغاز کردیا ہے جب کہ بھارتی وزیر صحت جتیندر سنگھ کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ یہ اموات کسی انفیکشن ، وائرس یا بیکٹیریا کی وجہ سے نہیں بلکہ ایک زہر کی وجہ سے ہوئی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ’زہریلے مادوں کی جانچ کے لیے ایک طویل سلسلہ چل رہا ہے، ہمیں امید ہے کہ اس کا جلد کوئی حل تلاش کرلیا جائے گا تاہم یہ زہر کسی کی شرارت یا بدنیتی کی وجہ سے پھیلا ہے تو اس کی بھی جانچ کی جارہی ہے۔

علاوہ ازیں، ایک الگ واقعے میں بھارتی ریاست مہارشٹرا کے شہر پونے میں اعصابی خرابی کے کم از کم 73 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں،

بھارتی نیوز ایجنسی نے سرکاری حکام کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ گلین بیری سنڈروم (جی بی ایس) سے متاثرہ افراد میں 26 خواتین شامل ہیں جب کہ 14 مریض وینٹی لیٹر پر ہیں۔

عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے مطابق جی بی ایس میں کسی شخص کا مدافعتی نظام اس کے دماغ اور اعصاب پر حملہ کرتا ہے جب کہ یہ سنڈروم پٹھوں کی کمزوری کا باعث بن سکتا ہے اور متاثرہ افراد کو نگلنے اور سانس لینے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 20 مارچ 2025
کارٹون : 19 مارچ 2025