• KHI: Partly Cloudy 28.3°C
  • LHR: Partly Cloudy 26.8°C
  • ISB: Partly Cloudy 23.4°C
  • KHI: Partly Cloudy 28.3°C
  • LHR: Partly Cloudy 26.8°C
  • ISB: Partly Cloudy 23.4°C

غیر قانونی طور پر یورپ جانے کی کوشش کرنے والے 3 ملزمان پاکستان واپس پہنچنے پر گرفتار

شائع January 27, 2025
گرفتار تینوں ملزمان نے اسپین جانے کے لیے ایجنٹ کو فی کس 35 لاکھ ادا کیے تھے — فائل فوٹو: ڈان نیوز
گرفتار تینوں ملزمان نے اسپین جانے کے لیے ایجنٹ کو فی کس 35 لاکھ ادا کیے تھے — فائل فوٹو: ڈان نیوز

سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے امیگریشن سرکل نے غیر قانونی طریقے سے یورپ جانے کی کوشش کرنے والے 3 ملزمان کو پاکستان واپس پہچنے پرگرفتار کرلیا۔

ڈان نیوز کے مطابق ترجمان ایف آئی اے نے بتایا کہ سیالکوٹ ایئرپورٹ سے گرفتار کیے گئے ملزمان کی شناخت محمد عمران، محمد ناصر اور محمد طیب کے نام سے کی گئی ہے، ملزمان کا تعلق سیالکوٹ اور گجرات سے ہے۔

ملزمان نے غیر قانونی طریقے سے اسپین جانے کی کوشش کی تھی، ابتدائی تفتیش کے مطابق مسافروں نے ایجنٹوں سے اسپین جانے کے لیے 35 لاکھ روپے فی کس میں معاملات طے کیے تھے۔

حکام نے بتایا کہ ایجنٹس ان تینوں کو اسپین بھیجنے میں ناکام رہے، جس کے بعد یہ تینوں مسافر واپس پاکستان پہنچے، سیالکوٹ ایئرپورٹ سے انہیں حراست میں لے کر انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل گوجرانوالہ منتقل کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ حال ہی میں پاکستان سے غیر قانونی طور پر یورپ میں داخل ہونے والے افراد کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے، اس دوران خطرناک انداز میں دوسرے ممالک پہنچنے کے لیے سمندری سفر کے دوران کشتی حادثوں میں کئی نوجوان اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔

رواں ماہ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا تھا کہ اسپین جانے کی کوشش کے دوران حادثے کا شکار ہونے والی تارکین وطن کی کشتی میں 80 مسافر سوار تھے، جن میں متعدد پاکستانی شہری بھی مرنے والوں میں شامل تھے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے اعلامیہ میں بتایا گیا تھا مراکش کے ساحل پر کشتی الٹنے کا واقعہ پیش آیا تھا، پاکستانی سفارتخانے نے اطلاع دی تھی کہ 80 مسافروں کو لے کر موریطانیہ سے روانہ ہونے والی کشتی مراکش کی بندرگاہ الداخلہ کے قریب الٹ گئی تھی۔

اس طرح کے واقعات کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے انسانی اسمگلنگ کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایات جاری کی تھیں، جس کے نتیجے میں کریک ڈاؤن شروع ہوا، کئی ایجنٹوں اور ان کے ساتھیوں کو گرفتار کرنے کے علاوہ ایف آئی اے کے افسران اور اہلکاروں کو بھی پکڑا گیا، اور ان کے خلاف تادیبی کارروائیاں کی گئیں۔

کارٹون

کارٹون : 26 مارچ 2026
کارٹون : 25 مارچ 2026