• KHI: Maghrib 6:57pm Isha 8:17pm
  • LHR: Maghrib 6:35pm Isha 8:02pm
  • ISB: Maghrib 6:43pm Isha 8:12pm
  • KHI: Maghrib 6:57pm Isha 8:17pm
  • LHR: Maghrib 6:35pm Isha 8:02pm
  • ISB: Maghrib 6:43pm Isha 8:12pm

مذہب پر بات کرو تو طعنے ملتے ہیں کہ اب اداکار دین سمجھائیں گے، یاسرہ رضوی

شائع February 13, 2025
—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

اداکارہ و لکھاری یاسرہ رضوی نے کہا ہے کہ عام طور پر شوبز شخصیات اس لیے بھی مذہب پر بات نہیں کرتیں کیوں کہ انہیں طعنے دیے جاتے ہیں کہ اب اداکار دین سمجھائیں گے؟

یاسرہ رضوی نے حال ہی میں احمد علی بٹ کے پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر بات کی۔

پروگرام کے دوران انہوں نے مذہب اسلام کی اہمیت اور افادیت پر بات کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ اب ہر معروف شخصیت اور پڑھے لکھے مسلمان کی تعلیمات دوسروں تک درست انداز میں پہنچانے کے لیے سامنے آنا پڑے گا۔

اداکارہ کے مطابق زیادہ تر والدین نے مذہب اسلام کو ایک مضمون کے طور پر زندگیوں میں شامل کر رکھا ہے، والدین نے بچوں کو ناظرہ قرآن پاک کی تعلیم دلوانے اور اسکول میں دینیات کا مضمون پڑھنے تک محدود کر رکھا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ممکن ہے کہ ماضی میں حالات اور سوچ مختلف ہو لیکن آج وہ اپنے بچے کو اس طرح دین اسلام کی تعلیم نہیں دے رہیں، جس طرح انہوں نے لی۔

یاسرہ رضوی کے مطابق وہ اپنے بچے کو انتہائی سنجیدگی، غور و فکر، ترجمے اور تفسیر سے دین اسلام کی تعلیم دے رہی ہیں جب کہ ان کے وقت میں والدین ایسا نہیں کرتے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ تمام والدین کو اپنے بچوں کو دین اسلام اور زندگی کے مقاصد کی تعلیم دینی چاہیے، پھر بچے کی اپنی مرضی ہے کہ وہ کون سا راستہ اختیار کرتا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں یاسرہ رضوی نے کہا کہ سماج میں عام طور پر دین اسلام سے متنفر کرنے کی کوشش کی جاتی ہے، بچوں کو ڈرایا جاتا ہے۔

اداکارہ نے دین اسلام کی تبلیغ اور درست معلومات کو آگے بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ شوبز شخصیات کو بھی مذہبی تعلیمات کے لیے آگے آنا پڑے گا، دوسری صورت میں مزید خرابیاں ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ اگر مسلمان ہی اپنے مذہب اسلام کی درست تعلیم آگے نہیں بڑھائیں گے تو پھر کون بڑھائے گا اور مذہب سے متنفر کرنے والے افراد مزید نقصان دیں گے، اس لیے سب کو تبلیغ اور درست تعلیم کے لیے آگے آنے پڑے گا۔

یاسرہ رضوی کا کہنا تھا کہ عام طور پر شوبز شخصیات اس لیے بھی مذہبی معاملات پر بات نہیں کرتیں، کیوں کہ انہیں طعنے دیے جاتے ہیں کہ اب اداکار دین سمجھائیں گے۔

ان کے مطابق لوگوں کے طعنے اور تنقید کی وجہ سے بھی زیادہ تر شوبز شخصیات چاہنے کے باوجود اسلام پر بات نہیں کرتیں۔

کارٹون

کارٹون : 21 اپریل 2025
کارٹون : 20 اپریل 2025