ژالے سرحدی کا خود سے کم عمر امیر گیلانی سے شادی پر ماورا حسین کا دفاع
اداکارہ ژالے سرحدی نے خود سے کم عمر امیر گیلانی سے شادی کرنے پر ماورا حسین کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ شادی کے وقت عورت کے زائد العمر ہونے پر بحث کیوں کی جاتی ہے؟
ژالے سرحدی نے ماورا حسین کا دفاع حال ہی میں اداکارہ کی جانب سے شادی کی شیئر کردہ تصاویر پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا۔
ماورا حسین اور امیر گیلانی کی شادی کی تصاویر پر ایک مداح نے کمنٹ کیا تھا کہ عمر میں فرق اس وقت غیر اہم بن جاتا ہے جب محبت مخلص ہو۔
ساتھ ہی صارف نے لکھا تھا کہ امیر گیلانی کی عمر 28 جب کہ ماروا حسین کی عمر 32 سال ہے۔
مذکورہ صارف کی جانب سے امیر گیلانی اور ماورا حسین کی عمر میں فرق کی نشاندہی کرنے اور اداکارہ کے زائد العمر ہونے پر ژالے سرحدی نے بھی اپنا رد عمل دیا۔
ژالے سرحدی نے سوالیہ انداز میں لکھا کہ شادی شدہ جوڑوں میں عمر پر اس وقت کیوں بحث کی جاتی ہے جب عورت زائد العمر ہوتی ہے؟
انہوں نے کسی کا نام لیے بغیر لکھا کہ عورت کے زائد العمر ہونے پر شادی شدہ جوڑوں کی عمر پر بات یا بحث کرنا ناہمواری کو ظاہر کرتا ہے۔
خیال رہے کہ امیر گیلانی اور ماورا حسین نے رواں 5 فروری کو شادی کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے نئی زندگی شروع کرنے کی تصدیق کی تھی۔
دونوں کے درمیان گزشتہ چند سال سے تعلقات تھے اور دونوں کو متعدد بار میڈیا کے سامنے بھی ایک ساتھ دیکھا گیا تھا۔
ماورا حسین سے قبل بھی متعدد اداکارائیں خود سے کم عمر مردوں سے شادی کر چکی ہیں، خود سے کم عمر افراد سے شادی کرنے والی اداکاراؤں میں بشریٰ انصاری، یاسرہ رضوی اور اقرا عزیز جیسی اداکارائیں بھی شامل ہیں۔