حکومت نے رواں مالی سال 67 ارب ڈالر کی برآمدات اور ترسیلات زر کا تخمینہ لگالیا

شائع April 9, 2025
— فائل فوٹو: رائٹرز
— فائل فوٹو: رائٹرز

وزارت خزانہ نے رواں مالی سال ملکی تاریخ کی سب سے زیادہ 67 ارب ڈالر سے زائد کی برآمدات اور ترسیلات زرکا تخمینہ لگالیا۔

ڈان نیوز کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت خزانہ نے رواں مالی سال ملکی تاریخ کی سب سے زیادہ برآمدات اور ترسیلات زرکا تخمینہ لگایا ہے جو کہ حکومتی اہداف سے بھی زیادہ ہے، جبکہ آئندہ مالی سال برآمدات اورترسیلات زرمیں مزید اضافے کی پیش گوئی کی ہے۔

ذرائع کے مطابق رواں مالی سال کے لیے برآمدات کا تخمینہ 32 ارب 98 کروڑ 70 لاکھ ڈالر لگایا گیا ہے جبکہ رواں مالی سال برآمدات کا حکومتی ہدف 32 ارب 34 کروڑ 10 لاکھ ڈالر مقرر ہے، گزشتہ مالی سال ملکی برآمدات 30 ارب 96 کروڑ 70 لاکھ ڈالر رہی تھیں۔

ذرائع کے مطابق رواں مالی سال ترسیلات زر کا تخمینہ 35 ارب 23 کروڑ 80 لاکھ ڈالر ہے جبکہ رواں مالی سال کے لیے ترسیلات زر کا حکومتی مقررہ ہدف 30 ارب 27 کروڑ 80 لاکھ ڈالر ہے، گزشتہ مالی سال ترسیلات زر کا حجم 30 ارب 25 کروڑ 10 لاکھ ڈالر رہا تھا۔

ذرائع کے مطابق رواں مالی سال درآمدات کا تخمینہ 58 ارب 98 کروڑ 10 لاکھ ڈالر لگایا گیا ہے جبکہ درآمدات کا حکومتی ہدف 57 ارب 28 کروڑ 30 لاکھ ڈالر مقرر ہے، گزشتہ مالی سال پاکستانی درآمدات کا حجم 53 ارب 5 کروڑ 60 لاکھ ڈالر رہا تھا۔

وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق آئندہ مالی سال کے لیے برآمدات کا تخمینہ 36 ارب 12 کروڑ 10 لاکھ ڈالر ہے جبکہ آئندہ مالی سال کے لیے ترسیلات زر 37 ارب ڈالر سے زائد رہنے کی پیش گوئی ہے، نئے مالی سال کے لیے درآمدات کا تخمینہ 66 ارب 25 کروڑ ڈالر لگایا گیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 5 دسمبر 2025
کارٹون : 4 دسمبر 2025