• KHI: Asr 5:05pm Maghrib 6:56pm
  • LHR: Asr 4:41pm Maghrib 6:34pm
  • ISB: Asr 4:48pm Maghrib 6:42pm
  • KHI: Asr 5:05pm Maghrib 6:56pm
  • LHR: Asr 4:41pm Maghrib 6:34pm
  • ISB: Asr 4:48pm Maghrib 6:42pm

’ابیر گلال‘ کا ’خدایا عشق‘ چھا گیا

شائع April 15, 2025
—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

مقبول اداکار فواد خان کی آنے والی بولی وڈ فلم ’ابیر گلال‘ کا پہلا گانا ’خدایا عشق‘ ریلیز کردیا گیا، جسے چند ہی گھنٹوں میں لاکھوں بار دیکھا جا چکا ہے۔

’خدایا عشق‘ میں فواد خان اور وانی کپور کو رومانوی انداز میں دکھایا گیا ہے جب کہ دونوں کے کرداروں کو گانے کے بول بھی گاتے دکھایا گیا ہے۔

گانے کی شاعری کمار نے لکھی ہے جب کہ اس کی موسیقی امت ترویدی نے ترتیب دی ہے، گانے کی ویڈیو میں فواد خان اور وانی کپور کو ڈانس کلب سے لے کر پہاڑوں کے دامن میں رومانس کرتے دکھایا گیا ہے۔

’خدایا عشق‘ کو ارجیت سنگھ اور شلپا راؤ نے گایا ہے اور دونوں گلوکار بھی طویل عرصے بعد ایک ساتھ گلوکاری کرتے دکھائی دیے۔

میلوڈی انداز کے گانے کی ویڈیو 14 اپریل کو ریلیز کی گئی، جسے چند ہی گھنٹوں میں 30 لاکھ بار دیکھا گیا اور شائقین نے گانے میں فواد خان اور وانی کپور کی جوڑی کو سراہا۔

گانے کی ویڈیو کو جاری کرتے ہوئے ’ابیر گلال‘ کو آئندہ ماہ 9 مئی کو ریلیز کرنے کا اعلان بھی کردیا گیا۔

فلم کا پہلا ٹیزر یکم اپریل کو جاری کیا گیا تھا، جسے پاکستانی اور بھارتی شائقین نے خوب پسند کیا۔

فلم کی ہدایات آرتی ایس باگڑی نے دی ہیں جو کہ اس سے قبل بھی متعدد بولی وڈ فلموں کی ہدایات دے چکی ہیں۔

’ابیر گلال‘ کو متعدد افراد اور پروڈکشن ہاؤس پروڈیوس کر رہے ہیں اور اس میں وانی کپور کے علاوہ بھی تقریبا تمام کاسٹ بھارتی ہی ہیں۔

’ابیر گلال‘ کی کہانی دو ایسے افراد کے گرد گھومتی ہے جو کہ کسی بھی لالچ کے بغیر ایک دوسرے کی مدد کرتے ہیں، تاہم ان کے درمیان غیر ارادی طور پر محبت ہوجاتی ہے، جس کے بعد ان کی زندگی میں مسائل شروع ہوتے ہیں۔

ممکنہ طور فلم میں فواد خان اور وانی کپور کو دو مختلف ممالک، خطوں، علاقوں یا نسل سے دکھائے جانے کا امکان ہے، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔

’ابیر گلال‘ کے ذریعے فواد خان 9 سال بعد بولی وڈ میں واپسی کریں گے جب کہ وہ پہلے پاکستانی اداکار بھی بنیں گے جو 2018 کے بعد کسی بولی وڈ فلم میں نظر آئیں گے۔

اس سے قبل فواد خان 2016 میں کپور اینڈ سنز اور اے دل ہے مشکل جیسی فلموں میں کام کر چکے ہیں، وہ سونم کپور اور انوشکا شرما جیسی اداکاروں کے ساتھ رومانس کر چکے ہیں۔

ماضی میں فواد خان ’اے دل ہے مشکل‘ اور ’خوبصورت‘ جیسی فلموں میں کام کر چکے ہیں۔

’ابیر گلال‘ کا ٹیزر جاری کرنے کے بعد بعض ہندو انتہاپسند جماعتوں نے فلم کو بھارت میں ریلیز کرنے کے حوالے سے دھمکی دے رکھی ہے، تاہم وہاں کی شوبز شخصیات فواد خان کی حمایت میں سامنے آ رہی ہیں جب کہ بھارتی اور پاکستانی حکومت نے تاحال معاملے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔

کارٹون

کارٹون : 19 اپریل 2025
کارٹون : 18 اپریل 2025