• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 5:05pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 4:41pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 4:48pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 5:05pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 4:41pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 4:48pm

منی لانڈرنگ کیس: ملزم ارمغان کے جسمانی ریمانڈ میں 24 اپریل تک توسیع

شائع April 15, 2025
— فائل فوٹو: ڈان نیوز
— فائل فوٹو: ڈان نیوز

کراچی میں انسداد دہشت گردی عدالت نے مصطفیٰ عامر قتل کیس کے ملزم ارمغان کو منی لانڈرنگ کیس میں 24 اپریل تک مزید جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کردیا۔

ڈان نیوز کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے حکام نے ملزم ارمغان کو منی لانڈرنگ کیس میں انسداد دہشت گردی کی منتظم عدالت میں پیش کیا۔

ملزم کی جانب سے خرم عباسی نے وکالت نامہ پیش کیا، تفتیشی افسر نے ملزم ارمغان کی میڈیکل رپورٹ پیش کردی اور بتایاکہ ملزم مکمل طور پر صحتمند ہے۔

تفتیشی افسر نے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی اور موقف اپنایاکہ استغاثہ کے مطابق ملزم سے پرائیویٹ والٹ کے پاسورڈ اور ڈیجیٹل شواہد ریکور کرنے ہیں، اب تک کی تحقیقات میں مزید سراغ ملے ہیں، وکیل صفائی نے بتایاکہ ارمغان کی میڈیکل رپورٹ حقائق پر مبنی نہیں ہے۔

ایف آئی اے نے ملزم کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی استدعا کی جسے منظور کرتے ہوئے عدالت نے ملزم ارمغان کو 24 اپریل تک مزید جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کردیا جبکہ عدالت نے آئندہ پیشرفت رپورٹ طلب کرلی۔

واضح رہے کہ ایف آئی اے نے گزشتہ روز انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کی گئی رپورٹ میں بتایا تھا کہ ارمغان کے لیپ ٹاپ سے بین الاقوامی فراڈ گروپ کے شواہد ملے ہیں، ارمغان اور اس کے والد کامران قریشی نے فراڈ کے لیے کمپنی بنائی تھی۔

ایف آئی اے کی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ متعلقہ کمپنی کی سالانہ آمدن 3 سے 4 لاکھ امریکی ڈالر ہے، فراڈ کے لیے بنائی گئی کمپنی میں 25 ایجنٹ کام کر رہے ہیں۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق ارمغان نے اپنے نامعلوم ملازم افنان کے ذریعے لگژری گاڑیاں خریدیں، ان گاڑیوں کی قیمت 15 کروڑ 40 لاکھ روپے ہے۔

تاہم ایف آئی اے نے کمپنی کے دوسرے مالک کامران قریشی کو ملزم نہیں بنایا جبکہ نامعلوم ملزم افنان کو بھی ملزم یاگواہ نہیں نامزد کیا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 19 اپریل 2025
کارٹون : 18 اپریل 2025