رواں مالی سال کے 9 ماہ کے دوران ٹیکسٹائل اور ملبوسات کی برآمدات میں 9.38 فیصد اضافہ
رواں مالی سال کے پہلے 9 ماہ کے دوران ٹیکسٹائل اور ملبوسات کی برآمدات میں 9.38 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق ادارہ برائے شماریات پاکستان کے اعداد و شمار میں کہا گیا ہے کہ مالی سال 2025 میں ٹیکسٹائل کی برآمدات میں زبردست اضافہ دیکھا گیا اور گزشتہ 2 ماہ میں ٹیکسٹائل کی برآمدات سنگل ڈیجٹ تک گر گئیں، اگست میں 13 فیصد، ستمبر میں 17.92 فیصد، اکتوبر میں 13.11 فیصد، نومبر میں 10.81 فیصد، دسمبر میں 5.55 فیصد، جنوری میں 15.85 فیصد اور فروری میں 9.31 فیصد اضافہ ہوا۔
جولائی تا مارچ مالی سال 2025 کے دوران ٹیکسٹائل اور ملبوسات کی برآمدات 9.38 فیصد اضافے کے ساتھ 13.62 ارب ڈالر رہیں جو ایک سال قبل 12.44 ارب ڈالر تھیں۔
مارچ میں برآمدات 9.97 فیصد اضافے کے ساتھ 1.43 ارب ڈالر رہیں جو گزشتہ سال 1.30 ارب ڈالر تھیں۔
ٹیکسٹائل کمپنیوں کے مطابق ساختی مسائل کی وجہ سے 25 ارب ڈالر کی صلاحیت کے باوجود ٹیکسٹائل اور کپڑوں کی برآمدات گزشتہ 2 سالوں سے مستحکم ہیں، برآمد کنندگان کئی مہینوں سے زیر التوا مختلف قسم کے ریفنڈ/چھوٹ کے جلد اجرا کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
محکمہ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2025 کے 9 ماہ کے دوران تیار ملبوسات کی برآمدات میں قدر کے لحاظ سے 19.05 فیصد اور مقدار میں 7.84 فیصد اضافہ ہوا جبکہ بنے ہوئے ملبوسات کی قدر میں 16.82 فیصد اور مقدار میں 9.20 فیصد اضافہ ہوا، اسی طرح بیڈ ویئر کی قیمت میں 13.70 فیصد اور مقدار میں 12.20 فیصد اضافہ ہوا۔
مالی سال 2025 میں تولیے کی برآمدات میں قیمت کے لحاظ سے 4.46 فیصد اور مقدار کے لحاظ سے 4.02 فیصد اضافہ ہوا جبکہ سوتی کپڑے کی قیمت میں 0.11 فیصد اضافہ اور مقدار میں 2 فیصد کمی ہوئی۔
مالی سال 25 کے 9 ماہ میں دھاگے کی برآمدات میں 32.01 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، مالی سال 2025کے 9 ماہ کے دوران تولیے کو چھوڑ کر تیار کردہ اشیا کی برآمدات میں 9.80 فیصد جبکہ خیموں، کینوس اور ترپالوں کی برآمدات میں 14.46 فیصد اضافہ ہوا، اس عرصے کے دوران خام کپاس کی برآمدات میں 98.45 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
مصنوعی فائبر کی درآمد میں 9.10 فیصد اور مصنوعی ریشم دھاگے کی درآمد میں 15.23 فیصد اضافہ ہوا، تاہم دیگر ٹیکسٹائل اشیا کی درآمدات میں 73.62 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔













لائیو ٹی وی