انوشے اشرف شادی کے بندھن میں بندھ گئیں
ریڈیو جوکی (آر جے)، ماڈل و ٹی وی میزبان انوشے اشرف رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئیں۔
انوشے اشرف نے جولائی 2024 میں خاموشی سے نکاح کیا تھا، ان کے نکاح کی تقریبات آن لائن ہوئیں تھیں۔
نکاح کے تقریبا ایک سال بعد اب وہ شہاب مرزا سے ترکیہ میں رشتہ ازدواج میں بندھ گئیں۔
انوشے اشرف کی شادی کی تقریبات رواں ہفتے کے آغاز میں شروع ہوئی تھیں اور انہوں نے شادی کی تقریبات کی ویڈیوز اور تصاویر انسٹاگرام اسٹوریز میں شیئر کی تھیں۔
ان کی شادی کی تقریبات میں عائشہ عمر، ژالے سرحدی، فریحہ الطاف، دیپک پروانی اور نومی انصاری سمیت دیگر شوبز و فیشن شخصیات نے بھی شرکت کی۔
شادی کی تقریبات کے دوران انوشے اشرف اور ان کے دلہا شہاب مرزا کو بھی مختلف گانوں پر رقص کرتے دیکھا گیا تھا۔
شادی کی تقریبات ترکیہ کے سیاحتی مقامات پر بھی ہوئی تھیں، جہاں دلہا اور دلہن کے اہل خانہ اور دوستوں کی جانب سے ترک گانوں پر رقص کرنے کی ویڈیوز بھی وائرل ہوئی تھیں۔
انوشے اشرف اور شہاب مرزا کی شادی کی تقریبات چند دن تک جاری رہنے کے بعد اختتام ہفتہ کو ولیمے کی تقریب پر ختم ہوئیں، جس کی ویڈیوز فریحہ الطاف سمیت دیگر شخصیات نے بھی شیئر کیں۔
انوشے اشرف نے بھی شوہر کے ہمراہ کرائے گئے فوٹوشوٹ کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے شادی کی اختتامی تقریبات کے لمحات کو بھی مداحوں کے ساتھ شیئر کیا۔
ان کی جانب سے شیئر کردہ ویڈیو میں انہیں ترک دلہن کے انداز میں تیار ہوتے دیکھا جا سکتا ہے جب کہ انہیں دلہا کے ہمراہ رومانوی انداز میں بھی دیکھا گیا۔
انوشے اشرف کی ولیمے کی تقریب 17 اور 18 اپریل کی درمیانی شب کو ہوئی اور اس کی ویڈیوز فریحہ الطاف سمیت دیگر شخصیات نے بھی شیئر کیں۔
ماڈل اور آر جے کے شوہر کا تعلق پاکستان سے ہے، تاہم وہ بیرون ملک مقیم ہیں اور وہاں کاروبار کرتے ہیں۔