بھارتی کرکٹرز کے سینٹرل کنٹریکٹس کا اعلان، شریاس ایئر اور ایشان کشن کی واپسی

شائع April 21, 2025
— فوٹو: کرک انفو
— فوٹو: کرک انفو

بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے 25-2024 کے لیے کھلاڑیوں کے سینٹرل کنٹریکٹس کا اعلان کردیا جس میں پچھلے سال کنٹریکٹ سے محروم رہنے والے شریاس ایئر اور ایشان کشن کی واپسی ہوئی ہے۔

کھیلوں کی ویب سائٹ ’کرک انفو‘ کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ اپنے کھلاڑیوں کو 4 مختلف کیٹیگریز میں رکھا ہے جس میں سب سے اعلیٰ ’اے پلس‘ کیٹیگری ہے جس میں 4 کھلاڑی شامل ہیں۔

کیٹیگری اے پلس: بھارت ٹیم کے کپتان روہت شرما، سابق کپتان ویرات کوہلی، فاسٹ باؤلر جسپریت بمرا اور آل راؤنڈر رویندرا جدیجا اے پلس میں شامل ہیں جب کہ اس فہرست سے بھارت کے کامیاب ترین اسپنر روی چندر ایشون کو نکال دیا گیا جو پچھلے سال انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرڈ ہوگئے تھے جب کہ حیران کن طور پر ٹی20 سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنے والے روہت، ویرات اور جدیجا اس فہرست میں شامل ہیں۔

کیٹیگری اے: بھارت کے وکٹ کیپر بلے باز رشبھ پنت کو گریڈ بی سے گریڈ اے میں ترقی دی گئی جس میں ان کے ساتھ فاسٹ باؤلر محمد سراج، وکٹ کیپر بلے باز کے ایل راہل، اوپننگ بلے باز شبمن گل، آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا اور فاسٹ باؤلر محمد شامی شامل ہیں۔

خیال رہے کہ رشبھ پنت 23-2022 کے سیزن میں گریڈ اے کیٹگری میں ہی شامل تھے لیکن دسمبر 2022 میں ہولناک کار حادثے کے بعد وہ ایک سال سے زائد عرصے تک کرکٹ سے دور ہوگئے تھے تاہم آئی پی ایل 2024 میں واپسی کرنے والے وکٹ کیپر بلے باز اب تمام فارمیٹ میں بھارتی ٹیم کے اہم رکن ہیں۔

کیٹیگری بی: اسی طرح، پچھلے سال سینٹرل کنٹریکٹ سے محروم رہنے والے شریاس ایئر کو بی کیٹیگری میں رکھا گیا ہے جہاں ان کے ساتھ کلدیپ یادو، اکشر پٹیل، یشسوی جیسوال اور ٹی20 ٹیم کے کپتان سوریہ کمار یادو شامل ہیں۔

خیال رہے کہ بی سی سی آئی کی سلیکشن کمیٹی نے گزشتہ سال ڈومیسٹک کرکٹ نہ کھیلنے کی وجہ سے شریاس ایئر اور ایشان کشن کو سینٹرل کنٹریکٹ سے محروم کردیا تھا۔

بھارتی کرکٹ بورڈ کے سابق سربراہ جے شاہ نے سینٹرل کنٹریکٹ کے حصول کے لیے انڈین پریمیئر لیگ کے ساتھ ساتھ ڈومیسٹک کھیلنے کو بھی لازمی قرار دیا تھا۔

تاہم، رواں سال دونوں کھلاڑیوں کی سینٹرل کنٹریکٹ میں واپسی ہوئی ہے، آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے شریاس ایئر کو ’بی‘ کیٹیگری میں رکھا گیا ہے جب کہ ایشان کشن کو ’سی‘ کٹیگری میں جگہ ملی ہے۔

کیٹیگری سی: گریڈ سی میں متعدد نئے کھلاڑی بھی جگہ بنانے میں کامیاب رہے جن میں نیتیش کمار ریڈی، دھروو جوریل، ابھیشیک شرما، سرفراز خان، آکاش دیپ، ورون چکرورتی اور ہرشت رانا شامل ہیں۔

علاوہ ازیں، رنکو سنگھ، تلک ورما، رتوراج گایگواڑ، شیوام دوبے، روی بشنوئی، واشنگٹن سندر، مکیش کمار، سنجو سیمسن، ارشدیپ سنگھ، پرسِدھ کرشنا، راجت پٹیدار، ایشان کشن شامل ہیں۔

فہرست سے خارج ہونے والے کھلاڑی: گزشتہ سال کے سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل متعدد کھلاڑیوں کو اس سال کنٹریکٹ نہیں دیا گیا جن میں شاردول ٹھاکر، کے ایس بھارت، اویش خان اور جیتیش شرما شامل ہیں۔

بی سی سی آئی نے کنٹریکٹس کی چاروں کیٹیگریز کے معاوضوں کا ذکر نہیں کیا تاہم کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق ممکنہ طور پر معاوضوں کی فہرست کچھ یوں ہوسکتی ہے۔

  • A+ گریڈ – 7 کروڑ روپے سالانہ
  • A گریڈ – 5 کروڑ روپے سالانہ
  • B گریڈ – 3 کروڑ روپے سالانہ
  • C گریڈ – 1 کروڑ روپے سالانہ

کارٹون

کارٹون : 21 جون 2025
کارٹون : 20 جون 2025