پی ایس ایل 10: کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مینٹور ویوین رچرڈز کم بیک کیلئے پرامید
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مینٹور ویوین رچرڈز رواں سیزن میں مسلسل دو میچز ہارنے کے بعد ٹورنامنٹ میں کم بیک کے لیے پر امید ہیں۔
پی ایس ایل 10 میں اپنا پہلا میچ جیتنے کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو مسلسل دو میچز میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، ابتدائی 3 میچز کراچی اور راولپنڈی میں کھیلے گئے جب کہ ٹیم کے اگلے 5 میچز لاہور میں شیڈول ہیں۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کے دوران کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مینٹور ویوین رچرڈز نے ٹورنامنٹ میں واپسی کی امید ظاہر کرتے ہوئے قذافی اسٹیڈیم لاہور ہماری لیے خوش قسمت ثابت ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز جس طرح کھیلتی ہے ٹیم نے آخری 2 میچز میں ویسا نہیں کھیلا، امید کرتا ہوں نئے وینیو اورنئی کنڈیشنز میں ہم اچھا کریں گے کیوں کہ ہم اچھا کرنےکی صلاحیت رکھتے ہیں۔
ویوین رچرڈز نے کہا کہ کبھی اچھی ٹیم بھی ہارتی ہے لیکن اچھی ٹیم کا کم بیک کرنا میٹر کرتا ہے، گلیڈی ایٹرز اس وقت ڈاون ضرور ہیں لیکن ٹیم ٹورنامنٹ سے باہر نہیں ہوئی، میں ایمانداری سے کہتا ہوں ہم اچھا کم بیک کرسکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سپر لیگ میں بہت اچھی کرکٹ ہورہی ہے اور میں یہاں بہت لطف اندوز ہوتا ہوں جب کہ ویسٹ انڈیز کی جانب سے بھی یہاں آکر کھیل چکا ہوں۔
ایک سوال کے جواب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مینٹور نے کہا کہ سعود شکیل کپتان اچھا ہے، 2 میچز ہارنے کے بعد ہم کسی کو جج نہیں کرسکتے، ٹورنامنٹ کے بعد کسی بھی کھلاڑی کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔