سیکیورٹی فورسز کے خیبرپختونخوا میں 2 آپریشنز، مطلوب خارجی رنگ لیڈر سمیت 6 دہشتگرد ہلاک
سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا میں 2 مختلف کارروائیاں کرتے ہوئے انتہائی مطلوب خارجی رنگ لیڈر ذبیح اللہ زکران سمیت 6 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 20 اور 21 اپریل کی درمیانی شب صوبہ خیبر پختونخوا میں دو الگ الگ آپریشن کیے، جس کے نتیجے میں 6 خوارج مارے گئے۔
اعلامیے کے مطابق خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر سیکیورٹی فورسز نے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں آپریشن کیا، دوران کارروائی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 5 خوارج کو ہلاک کر دیا گیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ جنوبی وزیرستان میں انٹیلی جنس پر مبنی ایک اور کارروائی میں فورسز نے خارجی رنگ لیڈر ذبیح اللہ زکران کو ہلاک کر دیا، جو سیکیورٹی فورسز کے خلاف متعدد دہشت گردی کی سرگرمیوں کے علاوہ بے گناہ شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی ملوث اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انتہائی مطلوب تھا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق علاقے میں ممکنہ کسی بھی دوسرے خارجی کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن کیا جا رہا ہے، مزید کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔
واضح رہے کہ 18 اپریل کو خیبر پختونخوا کے ضلع سوات میں سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مشترکہ آپریشن میں 4 خوارج ہلاک ہوگئے تھے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سےجاری اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر ضلع سوات میں انٹیلی جنس پر مبنی مشترکہ آپریشن کیا تھا۔
سیکیورٹی اہلکاروں کی خوارج کے ٹھکانے پر مؤثر کارروائی کے نتیجے میں 4 خوارج مارے گئے تھے۔
ہلاک ہونے والے خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا، ہلاک خوارج علاقے میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔