کشمیر جہنم بن گیا، سلمان و شاہ رخ پہلگام واقعے پر افسردہ

شائع April 24, 2025
—فوٹو: انسٹاگرام
—فوٹو: انسٹاگرام

مقبوضہ جموں و کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں سیاحوں پر حملے نے جہاں عام افراد کو افسردہ کردیا، وہیں بولی وڈ کے دبنگ ہیرو اور بادشاہ شاہ رخ خان جیسے اداکار بھی واقعے پر افسردہ دکھائی دیے۔

پہلگام کے مقام پر 22 اپریل کو سیاحوں پر ہونے والے حملے میں 26 افراد ہلاک جب کہ ایک درجن کے قریب زخمی ہوئے۔

واقعے کے بعد مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے سیکیورٹی کے نام پر عام کشمیریوں کو بھی تنگ کرنا شروع کردیا جب کہ بھارت کے دیگر مقامات پر موجود کشمیریوں کو بھی ہراساں کرنے کے واقعات رپورٹ ہونے لگے ہیں۔

پہلگام واقعے پر رد عمل دیتے ہوئے سلمان خان نے کہا کہ واقعے کے بعد کشمیر جہنم بن گیا، ایک عام انسان کا قتل پوری انسانیت کا قتل ہے۔

’ہندوستان ٹائمز‘ کے مطابق سلمان خان نے پہلگام واقعے کے بعد ایکس پر کی گئی ٹوئٹ میں حملے میں ہلاک ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے ان کے لیے صبر کی دعا بھی کی۔

سلمان خان نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ کشمیر دنیا کی خوبصورت ترین جگہ ہے، جسے جہنم بنایا گیا۔

انہوں نے لکھا کہ ایک عام انسان کا قتل ہوری کائنات کو مارنے کے برابر ہے، حملے میں معصوم لوگوں کو نشانہ بنایا گیا، ان کا دل ہلاک ہونے والے افراد کے ورثا کے ساتھ ہے۔

ان کی طرح شاہ رخ خان نے بھی پہلگام واقعے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے واقعے کی شدید مذمت کی۔

انہوں نے انسٹاگرام اسٹوری میں لکھا کہ پہلگام واقعے کے درد کو الفاظ میں بیان کرنا مشکل ہے، ایسے وقت میں نشانہ بننے والے افراد اور ان کے اہل خانہ کے لیے دعا ہی کی جا سکتی ہے۔

شاہ رخ خان نے مزید لکھا کہ امید ہے کہ واقعے کے بعد ہم بطور قوم متحد ہوکر المناک واقعے کا مقابلہ کریں گے۔

ان کی طرح دوسرے مسلمان اداکاروں نے بھی پہلگام واقعے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے ہلاک ہونے والے افراد کے اہل خانہ کے ساتھ اظہار ہمدردی بھی کیا۔

دیگر بولی وڈ اداکاروں، فلم سازوں، موسیقاروں اور گلوکاروں نے بھی واقعے کی مذمت کرتے ہوئے ہلاک ہونے والے افراد کے خاندان سے اظہار ہمدردی بھی کیا۔

کارٹون

کارٹون : 15 جون 2025
کارٹون : 14 جون 2025