پہلگام واقعہ: بھارتی چینل نے پی ایس ایل کی نشریات معطل کردیں
مقبوضہ کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں ہونے والے واقعے کے بعد بھارت کے لائیو اسٹریمنگ چینل ’فینکوڈ‘ نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی براہ راست نشریات معطل کردیں۔
بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) انتہا پسند مودی سرکار کے ایما پر ایک بار پھر کرکٹ کو سیاست میں گھسیٹ رہا ہے، مقبوضہ کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں ہونے والے افسوسناک واقعے پر بی سی سی آئی نے پاکستان کے ساتھ دو طرفہ سیریز کھیلنے سے انکار کر دیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت کے لائیو اسٹریمنگ پلیٹ فارم ’فینکوڈ‘ نے اچانک پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دسویں ایڈیشن کی براہ راست نشریات معطل کردیں جب کہ ٹورنامنٹ سے متعلق تمام ویڈیوز بھی اپنے چینل سے ڈیلیٹ کردیں۔
یاد رہے کہ فینکوڈ نامی اسپورٹس چینل بھارت میں پاکستان سپر لیگ کا واحد ڈیجیٹل اسٹریمنگ پارٹنر تھا جس نے پی ایس ایل 10 کے اب تک ہونے والے 13 میچز بھارت میں براہ راست اپنے پلیٹ فارم پر دکھائے تھے۔
تاہم ہندوستان ٹائمز کو ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ پہلگام واقعے کے بعد او ٹی ٹی پلیٹ فارم ’فینکوڈ‘ نے پی ایس ایل کے بقیہ میچز نہ دکھانے کی فیصلہ کیا ہے اور یہ نشریات فوری طور پر بند کردی گئی ہیں۔
علاوہ ازیں، فینکوڈ نے اپنی ویب سائٹ سے پاکستان سپر لیگ کے گزشتہ میچز کی جھلکیاں اور دیگر ویڈیوز بھی ہٹا دی ہیں۔
اس سے قبل بی سی سی آئی کے سیکریٹری دیوجیت سیکیا کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ کرکٹ برادری پہلگام حملے میں بے گناہ جانوں کے المناک نقصان سے شدید صدمے اور غم کا سامنا کر رہی ہے۔
واضح رہے کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کے مسلم اکثریتی علاقے پہلگام میں منگل کو 26 سیاحوں کی مبینہ ہلاکت کے بعد گزشتہ روز سندھ طاس معاہدہ فوری طور پر معطل کرنے کا اعلان کیا تھا۔
بھارت نے پہلگام فالس فلیگ آپریشن کو جواز بناتے ہوئے پاکستانی شہریوں کو 48 گھنٹے میں بھارت چھوڑنے کا حکم دیا تھا جبکہ واہگہ بارڈرکی بندش اور اسلام باد میں بھارتی ہائی کمیشن میں تعینات اپنے ملٹری اتاشی کو وطن واپس بلانے کے علاوہ پاکستان میں تعینات سفارتی عملے کی تعداد میں بھی کمی کردی تھی۔
بعد ازاں، وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی نے پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے بعد بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی معطلی کے اقدام کو مسترد کرتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ پاکستان کا پانی روکنا اعلان جنگ تصور کیا جائے گا اور کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
پاکستان نے شملہ سمیت تمام دوطرفہ معاہدوں کی معطلی کا عندیہ دیتے ہوئے بھارت کے لیے فضائی حدود، سرحدی آمد و رفت اور ہر قسم کی تجارت بند کرنے کا اعلان کردیا، جبکہ بھارتی ہائی کمیشن میں سفارتی عملے کو 30 ارکان تک محدود کرنے کے علاوہ بھارتی دفاعی، بحری اور فضائی مشیروں کو ناپسندیدہ شخصیت قرار دے کر پاکستان چھوڑنے کا حکم دیا ہے، پاکستان نے سکھ یاتریوں کے علاوہ تمام بھارتی شہریوں کے ویزے منسوخ کرکے انہیں 48 گھنٹے میں ملک چھوڑنے کا حکم دیا ہے۔