خیبرپختونخوا: لکی مروت میں دہشتگردوں کا ٹریفک پولیس کی وین پرحملہ، 3 اہلکار زخمی

شائع April 24, 2025
— فائل فوٹو: اے پی پی
— فائل فوٹو: اے پی پی

خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت کے علاقے درہ پیزو میں ٹریفک پولیس کی گشت پر موجود وین پر دہشت گردوں نے حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں تین اہلکار زخمی ہو گئے۔

ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او) محمد جواد اسحٰق نے ڈان کو بتایا کہ پولیس وین پر شدید فائرنگ کے نتیجے میں تین اہلکار زخمی ہوئے، جبکہ وین آگ لگنے سے مکمل طور پر جل گئی، حملے کے بعد دہشت گرد ضلع ٹانک کے ایک گاؤں کی طرف فرار ہو گئے۔

واقعے کے بعد ڈی پی او محمد جواد اسحٰق نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال لکی مروت کا دورہ کیا اور زخمی اہلکاروں کی عیادت کی۔

انہوں نے زخمی ٹریفک انچارج عمران خان اور ڈرائیور کانسٹیبل اسلام الدین کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور انہیں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

ڈی پی او نے کہا کہ شرپسند عناصر دہشت گردی کے ذریعے علاقے کے امن کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں، لیکن لکی پولیس ان کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم اور مکمل طور پر تیار ہے۔

دریں اثنا، لکی مروت پولیس اور محکمہ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے فتنہ الخواج اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف سرچ اینڈ اسٹرائیک آپریشن کیا اور شرپسندوں کے متعدد ٹھکانے مسمار اور اسلحہ برآمد کر لیا۔

پولیس کے مطابق ڈی پی او لکی مروت محمد جواد اسحٰق کی ہدایات پر ڈی ایس پی لکی ظفراللہ خان کی قیادت میں ہمراہ ڈی ایس پی سی ٹی ڈی، ضلعی پولیس، ایلیٹ فورس اور سی ٹی ڈی نفری کے بکتر بند گاڑیوں کے ہمراہ تھانہ صدر کے حدود علاقہ وانڈہ امیر میں مشترکہ سرچ اینڈ اسٹرائیک آپریشنز کیے۔

پولیس نے فتنہ اخوارج اور ان کے سہولت کاروں کے مبینہ ٹھکانوں پر چھاپوں،سرچ اینڈ اسٹرائیک آپریشن کے دوران شرپسندوں کے متعدد ٹھکانے مسمار کر دیے۔

اسی طرح آپریشن کے دوران کلاشنکوف بھی برآمد کی گئی۔

کارٹون

کارٹون : 16 جون 2025
کارٹون : 15 جون 2025