بھارتی میڈیا اور مودی سرکار کے منفی پروپیگنڈے پر پاکستانی شوبز شخصیات برہم
مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں ہونے والے حملے کے بعد بھارتی میڈیا، سوشل میڈیا اور وہاں کی حکومت کے منفی پروپیگنڈے پر پاکستان کی معروف شوبز شخصیات نے اظہار برہمی کرتے ہوئے مودی سرکار کو خبردار کیا ہے کہ پہل کرنے کے نتائج برے ہوں گے۔
اداکار، پروڈیوسر و ہدایت کار یاسر نواز نے اپنی انسٹاگرام ویڈیو میں بھارتی سوشل میڈیا اور میڈیا کو درخواست کی کہ وہ غلط معلومات، نفرت پھیلانے اور پروپیگنڈا کرنا بند کردیں، وہ اس غلطی میں نہ رہیں کہ پاکستان کچھ نہیں کرے گا۔
یاسر حسین کا کہنا تھا کہ جس طرح بھارت نیوکلیئر پاور ہے، اسی طرح پاکستان کے پاس بھی ایٹم بم ہے اور نفرت پھیلانے کے برے نتائج ہوں گے، جس کے ذمہ داری بھارتی ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی یوٹیوبرز، بلاگرز و میڈیا سے وابستہ افراد نفرت انگیز اور غلط معلومات پھیلانے میں مصروف ہیں اور وہ ایسے دھمکیاں دیتے دکھائی دیتے ہیں، جیسے پاکستانیوں نے چوڑیاں پہن رکھی ہیں۔
یاسر حسین نے واضح کیا کہ پاکستانیوں کے آپس میں بہت سارے سیاسی اختلافات ہوں گے لیکن وہ ملک کے معاملے میں ایک ہیں اور وہ جنگ کے معاملے پر پاک فوج کے ساتھ ہیں۔
یاسر حسین نے پہلگام واقعے کی مذمت بھی کی اور اس میں انسانی جانوں کے نقصان پر اظہار افسوس بھی کیا۔
ان کی طرح پروڈیوسر، ہدایت کار و اداکار شمعون عباسی نے بھی بھارتی میڈیا اور مودی سرکار کے منفی پروپیگنڈہ پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمیشہ کی طرح اس بار بھی بھارتی نفرت پھیلانے میں لگے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی میڈیا پہلگام واقعے کے بعد اس قدر غلط اور منفی خبریں پھیلا رہا ہے کہ انہوں نے زندہ شادی شدہ جوڑے کو ہلاک کردیا، آخر کار زندہ جوڑے نے خود آکر بتایا کہ وہ مرے نہیں۔
شمعون عباسی کے مطابق بھارتی میڈیا اور حکومت کے منفی اور نفرت انگیز پروپیگنڈہ کے بعد وہاں کا عوام مشتعل دکھائی دیتا ہے اور وہاں کا عوام یہ کہ رہا ہے کہ وہ اپنے جسم میں بم باندھ کر پاکستان میں داخل ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں بھی بھارتی حکومت نے 2016 میں پلوامہ پر بھارتی فوج پر ہونے والے حملے کے وقت بھی نفرت انگیز پروپیگنڈہ کیا تھا۔
انہوں نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ وہ دہشت گردی کی بات کرتے ہوئے اس لیے بھی برے لگتے ہیں، کیوں کہ وہ خود دہشت گردی پھیلاتے رہے ہیں۔
ان کے مطابق نریندر مودی نے کئی سال سے مقبوضہ کشمیر میں دہشت گردی پھیلا رکھی ہیں، وہاں معصوم بچوں، خواتین اور نوجوانوں کو مارا جا رہا ہے۔
شمعون عباسی نے بھارت اور اسرائیل کو ایک ہی سکے کے دو رخ بھی قرار دیا اور کہا کہ بھارت کی حکمران جماعت بھارتی جنتا پارٹی (بی جے پی) کی دہشت گردی پھیلانے کی تاریخ رہی ہے، وہ ہمیشہ مسائل بڑھاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب بھی کوئی پاکستانی اداکار بھارت میں کام کے لیے جاتا ہے تو بی جے پی پروپیگنڈہ کر دیتی ہے، ابھی بھی ہانیہ عامر اور فواد خان بھارت میں کام کے لیے گئے تھے۔
شمعون عباسی نے بھارتی عوام کو درخوست کی کہ وہ ہوش کے ںاخن لیں، اپنی حکومت اور میڈیا کے پروپیگنڈہ کو سمجھیں، جنگ کسی بات کا حل نہیں، جنگوں سے ممالک اور قومیں تباہ ہوتی ہیں۔
گلوکار و اداکار فرحان سعید نے بھی بھارتی میڈیا کے منفی رویے پر اظہار برہمی کیا اور اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں لکھا کہ اگر دونوں ممالک کے درمیان کوئی بھی جنگ لگی تو اس کی ذمہ دار بھارتی میڈیا ہوگی۔
گلوکار نے لکھا کہ بھارتی میڈیا ماضی میں بھی ایسا گھناؤنا پروپیگنڈہ کرتی رہی ہے اور یہ کہ وہ مستقبل میں بھی اس طرح کا رویہ برقرار رکھے گی لیکن بھارتی عوام کو ہوش کے ناخن لینے چاہیے۔
فرحان سعید کے مطابق اگر اسی طرح کے منفی پروپیگنڈہ کی وجہ سے دونوں ممالک میں جنگ لگتی ہے تو پروپیگنڈہ کرنے والے بھاگ جائیں گے اور عوام مصیبت برداشت کرتا رہے گا۔
گلوکار عمیر جسوال نے بھارتی میڈیا کی جانب سے ہلاک شدہ قرار دیے گئے جوڑے کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے بھارتی میڈیا کے منفی پروپیگنڈے کو بی جے پی کا کھیل قرار دیا۔
انہوں نے لکھا کہ جس جوڑے کو ہلاک شدہ قرار دیا گیا، وہ جوڑا سامنے آگیا اور چلا چلا کہ بتا رہا ہے کہ وہ ہلاک نہیں ہوئے، ایسے ہی بھارتی میڈیا منفی پروپیگنڈہ جاری رکھے ہوئے ہے۔
