خیبرپختونخوا میں رواں سال تیسرا پولیو کیس سامنے آگیا، ملک بھر میں تعداد 8 ہوگئی

شائع April 25, 2025 اپ ڈیٹ April 26, 2025
فائل فوٹو
فائل فوٹو

خیبرپختونخوا میں رواں سال کے تیسرے پولیو کیس کی تصدیق ہوگئی، ملک بھر میں مجموعی کیسز کی تعداد 8 ہوگئی۔

ڈان نیوز کے مطابق ترجمان محکمہ صحت نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں 15 ماہ کا بچہ پولیو وائرس سے متاثر ہوا ہے۔

محکمہ صحت کے مطابق نئے کیس کے ساتھ رواں سال صوبے میں سامنے آنے والے پولیو کیسز کی تعداد 3 ہوگئی ہے۔

پاکستان انسداد پولیو پروگرام کی ویب سائٹ پر درج تفصیل کے مطابق رواں سال اب تک 8 پولیو کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں، خیبرپختونخو میں تورغر ، ڈیرہ اسمٰعیل خان اور بنو ں پولیس کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔

سندھ میں بدین، لاڑکانہ، قمبر شہداد کوٹ اور ٹھٹھہ میں ایک ایک کیس سامنے آیا ہے جبکہ ایک کیس پنجاب کے ضلع منڈی بہاء الدین سے رپورٹ ہوا ہے۔

پاکستان انسداد پولیو پروگرام کے مطابق 2024 میں ملک بھر سے پولیو کے 74 کیس سامنے آئے تھے۔

خیال رہے کہ ملک کے دیگر حصوں کی طرح خیبرپختونخوا میں بھی سات روزہ انسداد پولیو مہم جاری ہے، 21 اپریل سے شروع ہونے والی مہم 27 اپریل تک جارہے گی جس کے دوران 65 لاکھ بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلائے جائیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 5 دسمبر 2025
کارٹون : 4 دسمبر 2025