پی ایس ایل 10: لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو شکست دیدی
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 16ویں میچ میں لاہور قلندرز نے ڈیرل مچل اور سکندر رضا کی جارحانہ اننگز کی بدولت ملتان سلطانز کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطانز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کپتان محمد رضوان اور کامران غلام کی نصف سینچریوں کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 185 رنز بنائے۔
لاہور قلندرز نے ڈیرل مچل کی 64 اور سکندر رضا کی 40 رنز کی اننگز کی بدولت مطلوبہ ہدف ایک اوور پہلے ہی 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
ملتان سلطانز بیٹنگ
اس سے قبل، لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے ٹاس جیتنے کے بعد ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
ملتان سلطانز کی جانب سے اننگز کا آغاز کرنے والے یاسر خان 24 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد پویلین واپس لوٹ گئے جس کے بعد عثمان خان بیٹنگ کے لیے آئے اور وہ بھی 18 رنز ہی بناسکے۔ شائے ہوپ اس میچ میں بھی ناکام رہے اور صرف 9 رنز بناسکے۔
کپتان محمد رضوان نے کامران غلام کے ساتھ ملکر 115 رنز کی شراکت قائم کی، دونوں کھلاڑی نصف سینچریاں بناکر ناٹ آؤٹ واپس آئے۔
کامران غلام نے 31 گیندوں پر 52 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 4 چھکے اور 2 چوکے شامل تھے جب کہ محمد رضوان نے 48 گیندوں پر 76 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 3 چھکے اور 6 چوکے شامل تھے۔
ملتان سلطانز کی جانب سے ٹام کرن، حارث رؤف اور ڈیرل مچل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
لاہور قلندرز بیٹنگ
لاہور قلندرز کے نوجوان اوپننگ بلے باز محمد نعیم ایک بار پھر ناکام ثابت ہوئے وہ محض ایک چھکا لگانے کے بعد پویلین واپس لوٹ گئے۔
عبداللہ شفیق اور فخرزمان نے اننگز کو آگے بڑھایا لیکن دونوں بالترتیب 34 اور 28 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے، سیم بلنگز کھاتہ کھولے بغیر پویلین واپس لوٹ گئے۔
ڈیرل مچل اور سکندر رضا نے 89 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا، ڈیرل مچل 38 گیندوں پر 64 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد آؤٹ ہوئے جس میں 4 چھکے اور اتنے ہی چوکے شامل تھے۔
سکندر رضا 40 رنز پر ناقابل شکست رہے، ان کی 21 گیندوں کی اننگز میں 4 چھکے اور 2 چوکے شامل تھے۔
ملتان سلطانز کی جانب سے عبید شاہ نے 2، عاقف جاوید، جوش لٹل اور محمد حسنین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

آج کے میچ کے لیے لاہور قلندرز نے ٹیم میں 2 تبدیلیاں کرتے رشاد حسین اور محمد ازب کی جگہ محمد نعیم کو ٹیم میں واپس لایا ہے اور سیم کرن اپنا پہلا پی ایس ایل میچ کھیلیں گے۔
ملتان سلطانز کی جانب سے بھی ٹیم میں متعدد تبدیلیاں کی گئی ہیں، کرس جورڈن، طیب طاہر، اسامہ میر کو ڈراپ کیا گیا ہے اور ان کی جگہ شائے ہوپ، محمد حسنین اور عاقف جاوید کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل 10 میں اسلام آباد یونائیٹڈ اب تک ناقابل شکست رہی ہے اور وہ پوائنٹس ٹیبل پر سر فہرست ہے، کراچی کنگز 6 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے، لاہور قلندرز 4 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔

اسی طرح، پشاور زلمی 4 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 4 ہی پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر موجود ہے جب کہ ملتان سلطانز اب تک ٹورنامنٹ میں صرف ایک میچ جیتنے کے بعد 2 پوائنٹس کے ساتھ سب سے آخری پوزیشن پر ہے۔