• KHI: Fajr 4:13am Sunrise 5:42am
  • LHR: Fajr 3:18am Sunrise 4:57am
  • ISB: Fajr 3:13am Sunrise 4:57am
  • KHI: Fajr 4:13am Sunrise 5:42am
  • LHR: Fajr 3:18am Sunrise 4:57am
  • ISB: Fajr 3:13am Sunrise 4:57am

اسحٰق ڈار کا قطری وزیراعظم سے رابطہ، بھارت کے یکطرفہ اقدامات سے آگاہ کیا

شائع April 28, 2025
— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحٰق ڈار نے قطر کے وزیراعظم ووزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمٰن الثانی سے رابطہ کرکے بھارت کے یکطرفہ اقدامات سے آگاہ کیا جب کہ قطری وزیراعظم نے ریاستوں کے درمیان تنازعات کے حل کے لیے بات چیت اور سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیا۔

ڈان نیوز کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اسحٰق ڈار نے قطر کے وزیر اعظم و وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن الثانی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ وزیر خارجہ نے قطری وزیراعظم کو بھارت کے بے بنیاد اشتعال انگیز بیان بازی اور یکطرفہ اقدامات سے آگاہ کیا اور انہیں پاکستان کی قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں سے بھی آگاہ کیا۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ شیخ محمد بن عبدالرحمٰن الثانی نے علاقائی امن و استحکام کو برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔

ترجمان کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور قطر کے درمیان پائیدار برادرانہ تعلقات کی توثیق کی جب کہ فریقین نے خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال پر قریبی رابطوں اور مشاورت کو برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔

واضح رہے کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کے مسلم اکثریتی علاقے پہلگام میں 22 اپریل کو 26 سیاحوں کی ہلاکت کے بعد 23 اپریل کو سندھ طاس معاہدہ فوری طور پر معطل کرنے کا اعلان کیا تھا۔

بھارت نے پہلگام فالس فلیگ آپریشن کو جواز بناتے ہوئے پاکستانی شہریوں کو 48 گھنٹے میں بھارت چھوڑنے کا حکم دیا تھا، جبکہ واہگہ بارڈرکی بندش اور اسلام باد میں بھارتی ہائی کمیشن میں تعینات اپنے ملٹری اتاشی کو وطن واپس بلانے کے علاوہ پاکستان میں تعینات سفارتی عملے کی تعداد میں بھی کمی کردی تھی۔

بعد ازاں، 24 اپریل کو وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی نے پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے بعد بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی معطلی کے اقدام کو مسترد کرتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ پاکستان کا پانی روکنا اعلان جنگ تصور کیا جائے گا اور کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں بھارت سے تجارت اور واہگہ بارڈر کی بندش کرنے کا فیصلہ کیا، علاوہ ازیں بھارتی ایئرلائنز کے لیے پاکستانی فضائی حدود بھی بند کردی گئی، اور بھارتی شہریوں کو 48 گھنٹے میں پاکستان چھوڑ دینے کا حکم دیا گیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 11 جون 2025
کارٹون : 10 جون 2025