• KHI: Fajr 4:13am Sunrise 5:42am
  • LHR: Fajr 3:18am Sunrise 4:57am
  • ISB: Fajr 3:13am Sunrise 4:57am
  • KHI: Fajr 4:13am Sunrise 5:42am
  • LHR: Fajr 3:18am Sunrise 4:57am
  • ISB: Fajr 3:13am Sunrise 4:57am

بھارت کےخلاف عالمی عدالت انصاف میں جارہے ہیں، وزیر مملکت برائے قانون و انصاف

شائع April 28, 2025
فائل فوٹو: ڈان نیوز
فائل فوٹو: ڈان نیوز

وزیر مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے کہا ہے کہ بھارت کےخلاف عالمی عدالت انصاف میں جارہے ہیں۔

ڈان نیوز کےپروگرام کرتے ہوئے وزیرمملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے کہا کہ وفاقی کابینہ کا فیصلہ آتے ہی بھارتی اقدام کےخلاف اقوام متحدہ جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے ( پہلگام حملے کے) آدھے گھنٹے میں بغیر تحقیق کے پاکستان پر الزام لگادیا، بھارت کے خلاف ہماری پوری تیاری ہے، ہم بھارت کے ہر اقدام کا دو قدم آگے بڑ ھ کر جواب دیں گے۔

بیرسٹر عقیل ملک نے کہا کہ چاہتے ہیں بات اس حد تک نہ جائے کہ خطے کیلئے مشکلات پیدا ہوں۔

وزیر مملکت برائے قانون و انصاف نے کہا کہ موجودہ صورتحال پر آل پارٹیز کانفرنس بلائی جاسکتی ہے۔

واضح رہے کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کے مسلم اکثریتی علاقے پہلگام میں 22 اپریل کو 26 سیاحوں کی ہلاکت کے بعد گزشتہ روز سندھ طاس معاہدہ فوری طور پر معطل کرنے کا اعلان کیا تھا۔

بھارت نے پہلگام فالس فلیگ آپریشن کو جواز بناتے ہوئے پاکستانی شہریوں کو 48 گھنٹے میں بھارت چھوڑنے کا حکم دیا تھا جبکہ واہگہ بارڈرکی بندش اور اسلام باد میں بھارتی ہائی کمیشن میں تعینات اپنے ملٹری اتاشی کو وطن واپس بلانے کے علاوہ پاکستان میں تعینات سفارتی عملے کی تعداد میں بھی کمی کردی تھی۔

بعد ازاں، وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی نے پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے بعد بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی معطلی کے اقدام کو مسترد کرتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ پاکستان کا پانی روکنا اعلان جنگ تصور کیا جائے گا اور کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

پاکستان نے شملہ سمیت تمام دوطرفہ معاہدوں کی معطلی کا عندیہ دیتے ہوئے بھارت کے لیے فضائی حدود، سرحدی آمد و رفت اور ہر قسم کی تجارت بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔

بھارتی ہائی کمیشن میں سفارتی عملے کو 30 ارکان تک محدود کرنے کے علاوہ بھارتی دفاعی، بحری اور فضائی مشیروں کو ناپسندیدہ شخصیت قرار دے کر پاکستان چھوڑنے کا حکم دیا تھا، پاکستان نے سکھ یاتریوں کے علاوہ تمام بھارتی شہریوں کے ویزے منسوخ کرکے انہیں 48 گھنٹے میں ملک چھوڑنے کا حکم دیا تھا۔

وزیراعظم شہباز شریف بھارتی حکومت کو پہلگام واقعے کی مشترکہ تحقیقات کی پیشکش بھی کرچکے ہیں تاہم بھارتی حکومت نے تاحال اس حوالے سے کوئی جواب نہیں دیا۔

کارٹون

کارٹون : 12 جون 2025
کارٹون : 11 جون 2025