بھارتی حملے کا سخت جواب دیا جائے گا، جاوید شیخ

شائع April 29, 2025
—فوٹو: انسٹاگرام
—فوٹو: انسٹاگرام

متعدد بولی وڈ فلموں میں کام کرنے والے سینئر پاکستانی اداکار جاوید شیخ نے کہا ہے کہ اگر بھارت نے جلد بازی کرکے کوئی حملہ کیا تو اس کا اسے سخت جواب دیا جائے گا۔

مقبوضہ کشمیر کے سیاحتی علاقے پہلگام میں 22 اپریل کو ہونے والے حملے میں 26 افراد کے ہلاک ہونے کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی جاری ہے، دونوں ممالک کے سیاست دانوں کی طرح فنکار بھی ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی کرتے دکھائی دیتے ہیں۔

جہاں بھارت میں پاکستانی اداکاروں کے مکمل بائیکاٹ کا مطالبہ کیا جا رہا ہے، وہیں فواد خان کی آنے والی فلم ’ابیر گلال‘ اور ہانیہ عامر کی ممکنہ آنے والی بھارتی فلم ’سردار جی تھری‘ کو بھی ریلیز نہ کرنے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب بھارتی اور پاکستانی شوبز شخصیات بھی کشیدگی کے دوران اپنے اپنے ملک کی حمایت کرتی دکھائی دیتی ہیں۔

اب سینئر اداکار جاوید شیخ کا ایک بیان وائرل ہو رہا ہے، جس میں وہ بھارت کی جانب سے پاکستان پر ممکنہ حملے پر ہندوستان کو جواب دیتے دکھائی دیے۔

وائرل ہونے والی مختصر ویڈیو میں جاوید شیخ کا کہنا تھا کہ پہلگام واقعے کے آدھے گھنٹے کے بعد ہی بھارت نے پاکستان پر الزام لگایا جو کہ غلط بات ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پہلگام واقعے کی درج کردہ فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) میں شواہد کے بغیر ہی پاکستان کا نام شامل کرلیا گیا۔

جاوید شیخ نے بھارتی حکومت کو خبردار کیا کہ اگر بھارت نے کسی طرح کی بھی جارحیت کی تو اسے حملے کا سخت جواب دیا جائے گا۔

جاوید شیخ کی جانب سے بھارتی حکومت کے خلاف دیے گئے سخت بیان پر صارفین نے ان کی تعریفیں کیں اور لکھا کہ ہر شوبز شخصیت کو ملک کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔

کارٹون

کارٹون : 24 جون 2025
کارٹون : 23 جون 2025