جنگ مسلط کی گئی تو بھرپور جواب دیں گے، وزیردفاع
وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ جس طرح کا بھارت کا عمل ہوگا اسی طرح کا رد عمل دیا جائے گا، بھارت کو بھرپور جواب دیں گے۔
ڈان نیوز کے مطابق پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ بھارتی حملے کو دیکھیں گے، اگر خلاف ورزی ہوتی ہے تو ہم نے ردعمل دینا ہے، جس طرح کا بھارت کا عمل ہوگا اسی طرح کا رد عمل دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ جیسے جیسے وقت گزر رہا ہے حملے کے خطرات بڑھ رہے ہیں، کسی کو اس میں کچھ شک نہیں ہونا چاہیے کہ بھارت کو بھرپور جواب دیں گے۔
وزیردفاع نے کہا کہ دوست ممالک، پڑوسی ممالک اور خطے کی بڑی طاقتیں بھی ثالثی کا کردار ادا کر رہی ہیں، دوست ممالک چاہتے ہیں کہ جنگ کی صورتحال نہ بنے،اللہ کرے ان ممالک کی کوششوں سے بھارت کو کچھ عقل آئے۔
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ شہباز شریف نے واضح کیا ہے کہ معاملے کی بین الاقوامی سطح پر تحقیقات کروائی جائیں ، مگر عالمی تحقیقات کے مطالبے پر بھارت نے کوئی جواب نہیں دیا، اس کا مطلب ہے دال میں کچھ کالا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی ( بی جے پی ) حکومت کو جب بھی ووٹوں کی ضرورت ہوتی ہے وہ پاکستان کو کسی نہ کسی مسئلے میں شامل کرلیتا ہے۔
وزیردفاع نےو اضح کیا کہ ہماری طرف سے جنگ کا آغاز نہیں ہوگا لیکن اگر جنگ مسلط کی گئی تو بھرپور جواب دیں گے، بھارت جتنی طاقت استعمال کرے گا اس سے زیادہ طاقت سے ہم جواب دیں گے۔













لائیو ٹی وی