’ابیر گلال‘ پاکستان میں ریلیز نہیں ہوگی، ڈسٹری بیوٹر کی تصدیق
پاکستان کے معروف فلم ڈسٹری بیوٹر سنتوش آنند نے تصدیق کی ہے کہ فواد خان کی بھارتی فلم ’ابیر گلال‘ پاکستان میں ریلیز نہیں ہوگی۔
’ابیر گلال‘ کو رواں ماہ 9 مئی کو ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا ہے، تاہم مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں گزشتہ ماہ 22 اپریل کو ہونے والے واقعے کے بعد فلم پر پابندی کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔
بھارتی میڈیا نے گزشتہ ہفتے ذرائع سے بتایا تھا کہ پہلگام حملے کے بعد بھارتی حکومت ’ابیر گلال‘ کو انڈیا میں ریلیز کی اجازت نہیں دے گی۔
دوسری جانب سے ’ابیر گلال‘ کی میوزک اور فلم پروڈکشن کمپنیوں نے انسٹاگرام اور یوٹیوب سے فلم کے گانے اور ٹیزر بھی ڈیلیٹ کردیا تھا، تاہم تاحال فلم کی ریلیز ملتوی یا منسوخ کرنے کا حتمی اعلان نہیں کیا گیا۔
فلم کی ٹیم یا بھارتی حکومت کی جانب سے تصدیق سے پہلے پاکستانی فلم ڈسٹری بیوٹر نے تصدیق کی ہے کہ ’ابیر گلال‘ کو پاکستان میں ریلیز نہیں کیا جائے گا۔
زیادہ تر بھارتی فلموں کو پاکستان میں ریلیز کرنے کے لیے ڈسٹری بیوشن کا کام کرنے والے ڈسٹری بیوٹر سنتوش آنند نے بھارتی میڈیا سے بات کرتے ہوئے تصدیق کی کہ فواد خان کی ’ابیر گلال‘ کو پاکستانی سینماؤں میں پیش نہیں کیا جائے گا۔
’نیوز نائن‘ کے مطابق سنتوش آنند نے ’ٹی وی نائن‘ سے بات کرتے ہوئے تصدیق کی کہ پاکستانی اداکار کی بھارتی فلم کو پاکستانی سینماؤں میں ریلیز نہیں کیا جائے گا۔
ڈسٹری بیوٹر کا کہنا تھا کہ چوں کہ ’ابیر گلال‘ میں وانی کپور سمیت دیگر کاسٹ بھارتی ہے، اس لیے اسے پاکستان میں ریلیز نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے پہلگام واقعے کے بعد دونوں ممالک میں پیدا ہونے والی سیاسی کشیدگی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ واقعے کے بعد اب ’ابیر گلال‘ کو پاکستان میں ریلیز نہیں کیا جائے گا۔
خیال کیا جا رہا ہے کہ فلم کی ٹیم خود ہی ’ابیر گلال‘ کی ریلیز منسوخی کا اعلان کرے گا، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔
’ابیر گلال‘ کے ذریعے فواد خان تقریبا 9 سال بعد بھارتی فلموں میں نظر آنے والے تھے، ان کی آخری بھارتی فلم ’اے دل ہے مشکل‘ بھی 2016 میں ریلیز ہوئی تھی، جس کے ریلیز ہونے کے ایک ماہ بعد ’اڑی واقعہ‘ ہوگیا تھا اور بھارت نے پاکستانی اداکاروں کے کام پر پابندی عائد کردی تھی۔













لائیو ٹی وی