وزارت اطلاعات کا پاکستانی اور عالمی میڈیا کیلئے ایل اوسی کے دورے کا اہتمام

شائع May 3, 2025
— فائل فوٹو: رائٹرز
— فائل فوٹو: رائٹرز

وزارت اطلاعات کی جانب سے پاکستانی اور عالمی میڈیا کے لیے آج اور کل لائن آف کنٹرول (ایل اوسی) کے دورے کا اہتمام کیا گیا ہے، میڈیا کو ان مقامات پر لے جایا جائے گا، جنہیں بھارت دہشت گرد کیمپ بتاتا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ایل او سی کا دورہ کرانے کا مقصد بھارتی پروپیگنڈے کو بےنقاب کرنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بھارت نام نہاد اور خیالی دہشت گرد کیمپس کا پروپیگنڈا کرتا ہے اور ساتھ ساتھ ایل او سی پر مبینہ دہشت گردوں کے ٹھکانوں کے جھوٹے دعوے کیے ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان دنیا کے کسی بھی حصے میں دہشت گردانہ سرگرمیوں کو مستردکرتا ہے اور امن کیلئے اپنی غیرمتزلزل وابستگی کااعادہ کرتا ہے جب کہ بھارت کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

وزیر اطلاعات کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ایل او سی پر عالمی اور پاکستانی میڈیا کو ان مقامات پر لے جایا جائے گا جنہیں بھارت دہشت گرد کیمپس بتاتا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ مقامی میڈیا کو مخصوص مقامات پر اِن مقامات کے زمینی حقائق سے آگاہ کیا جائے گا جب کہ پاکستانی قوم اپنی خود مختاری کے دفاع کے لیے پرعزم ہیں۔

واضح رہے کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کے مسلم اکثریتی علاقے پہلگام میں 22 اپریل کو 26 سیاحوں کی ہلاکت کے بعد 23 اپریل کو سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے کا اعلان کیا تھا۔

جس کے جواب میں قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں بھارت سے تجارت اور واہگہ بارڈر کی بندش کرنے کا فیصلہ کیا، علاوہ ازیں بھارتی ایئرلائنز کے لیے پاکستانی فضائی حدود بھی بند کردی گئی، اور بھارتی شہریوں کو 48 گھنٹے میں پاکستان چھوڑ دینے کا حکم دیا گیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 5 دسمبر 2025
کارٹون : 4 دسمبر 2025