• KHI: Fajr 4:20am Sunrise 5:46am
  • LHR: Fajr 3:29am Sunrise 5:03am
  • ISB: Fajr 3:26am Sunrise 5:04am
  • KHI: Fajr 4:20am Sunrise 5:46am
  • LHR: Fajr 3:29am Sunrise 5:03am
  • ISB: Fajr 3:26am Sunrise 5:04am

عطااللہ تارڑ کیساتھ ملکی اور عالمی میڈیا کا ایل او سی کا دورہ، بھارتی پروپیگنڈا بے نقاب

شائع May 5, 2025
پاکستان کی جانب سے تحمل کے باوجود بھارت نے ہٹ دھرمی برقرار رکھی ہوئی ہے — فوٹو: ڈان نیوز
پاکستان کی جانب سے تحمل کے باوجود بھارت نے ہٹ دھرمی برقرار رکھی ہوئی ہے — فوٹو: ڈان نیوز

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ نے بین الاقوامی و ملکی میڈیا کو لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کا دورہ کروا کر بھارت کے دہشت گردی کے کیمپوں کے بے بنیاد الزامات کا پول کھول دیا۔

ڈان نیوز کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کی جانب سے عالمی میڈیا سے منسلک صحافیوں کو ایل او سی کا دورہ کروانے کا مقصد بھارت کی جانب سے پھیلائے گئے جھوٹے اور بے بنیاد پروپیگنڈے کو بے نقاب کرنا تھا۔

اس دورے میں بھارتی پروپیگنڈے کو بے نقاب کرنے کے لیے زمینی حقائق میڈیا کے سامنے پیش کیے گئے، پاکستانی اور غیر ملکی صحافیوں کو ان مخصوص مقامات پر لے جایا گیا جنہیں بھارت نے مبینہ طور پر دہشت گردی کے ٹھکانے قرار دیا تھا۔

میڈیا نمائندگان نے زمینی حقائق، مقامی آبادی کی گواہی اور حالات کا خود مشاہدہ کیا۔

وفاقی وزیر عطااللہ تارڑ نے کہا کہ بھارت کی جانب سے کئی بار پاکستان پر بے بنیاد الزامات لگائے گئے، ہم نے بین الاقوامی اور ملکی میڈیا کے سامنے تمام حقائق رکھ دیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت جن مقامات کو خیالی دہشت گرد کیمپس قرار دیتا ہے، وہاں کی حقیقت دنیا نے دیکھ لی اور بھارت کا پروپیگنڈا دم توڑ گیا ہے۔

وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے ایل او سی پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پہلگام واقعے سے پاکستان کوئی تعلق نہیں ہے، بھارت نے کوئی مہم جوئی کی تو بھرپور جواب دیا جائے گا۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ 2019 میں بھارت کے جہاز گرائے اور پائلٹ کو چائے پلاکر واپس بھیجا، بھارت نے پھر کوئی مہم جوئی کی تو بھرپور جواب دیا جائے گا، بھارتی جارحیت کیخلاف ہم سب متحد ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے پہلگام واقعے کی غیرجانبدارانہ اور شفاف عالمی تحقیقات میں تعاون کی پیشکش کی ہے، دنیا نے پاکستان کے مؤقف کو سراہا ہے، بھارت کے مؤقف کو دنیا میں پذیرائی نہیں ملی، وزیراعظم نے مختلف ممالک کے سربراہان سے بات چیت کی ہے، دنیا نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کے کردار کو تسلیم کیا ہے۔

یاد رہے کہ بھارت کی جانب سے گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 2 بار ایل او سی پر سیز فائر کی خلاف ورزی کی جاچکی ہے۔

مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں مقامی سیاحوں پر حملے کے بعد بھارت نے بے جا الزام تراشی اور اشتعال انگیزی کا سلسلہ شروع کرتے ہوئے پاکستان کے ساتھ سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے اور سفارتی عملے کو 30 اپریل 2025 تک بھارت چھوڑنے کی ہدایت کی تھی، اس کے علاوہ بھی مودی سرکار نے پاکستان کے حوالے سے کئی جارحانہ فیصلے کیے، جن میں پاکستانیوں کے ویزوں کی منسوخی بھی شامل ہے۔

پاکستان کی قومی سلامتی کمیٹی نے جوابی اقدامات کرتے ہوئے بہترین سفارتی حکمت عملی کو اختیار کیا، اور بھارت کے سفارتی عملے کو بھی 30 افراد تک محدود کر دیا گیا تھا، قومی سلامتی کمیٹی نے واضح کیا تھا کہ پانی پاکستان کی لائف لائن ہے، پانی بند کیا گیا تو پاکستان اسے جنگ تصور کرے گا۔

جنوبی ایشیا میں دو ایٹمی قوتوں کے درمیان کشیدگی سے دنیا بھر میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے، پاکستان نے اقوام متحدہ میں جعفر ایکسپریس حملے کا االزام علاقائی حریف پر عائد کیا ہے، اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے پہلگام حملے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کو قبول کرنے کا عندیہ بھی دیا تھا، تاہم بھارت کی جانب سے امن کے لیے اقدامات کے بجائے روایتی ہٹ دھرمی کا سلسلہ برقرار ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ، سلامتی کونسل کی صدارت سنبھالنے والے یونان، خلیجی ممالک کی تنظیم، سعودی عرب، یو اے ای، اقوام متحدہ کے سربراہ انتونیو گوتریس نے دونوں ملکوں پر کشیدگی میں کمی لانے پر زور دیا ہے، تاہم بھارت اپنی روایتی ہٹ دھرمی رکھے ہوئے ہے۔

ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی بھی آج پاکستان پہنچے ہیں، جہاں وہ خطے کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کریں گے، جب کہ پاکستان کے بعد ان کے دورہ بھارت کا بھی امکان ہے۔

کارٹون

کارٹون : 20 مئی 2025
کارٹون : 19 مئی 2025