امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان پر بھارتی حملے کو ’شرمناک‘ قرار دے دیا

شائع May 7, 2025
— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان کے خلاف بھارت کے تصدیق شدہ حملے کو ’شرمناک‘ قرار دے دیا۔

امریکی نشریاتی ادارے ’سی این این‘ کے مطابق صدر ٹرمپ نے کہا کہ انہیں یہ خبر منگل کی شام اوول آفس کی تقریب سے پہلے ملی۔

انہوں نے کہا کہ ’یہ شرم کی بات ہے، ابھی ہم اوول کے دروازوں سے گزر ہی رہے تھے کہ اس کے بارے میں سنا۔‘

صدر ٹرمپ نے اپنے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف کی حلف برداری کی تقریب کی نگرانی کے بعد کہا کہ ’مجھے لگتا ہے کہ لوگ جانتے تھے کہ ماضی کی بنیاد پر کچھ ہونے والا ہے، وہ طویل عرصے سے لڑ رہے ہیں، آپ جانتے ہیں کہ وہ کئی دہائیوں اور صدیوں سے لڑ رہے ہیں‘۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ ’مجھے امید ہے کہ یہ بہت جلد ختم ہو جائے گا۔‘

ایک ترجمان کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ نے بھی کہا ہے کہ ہم پیش رفت کا باریک بینی سے جائزہ لے رہے ہیں۔

واضح رہے کہ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے تصدیق کی کہ کہ بھارت کی جانب سے کوٹلی، بہاولپور، مریدکے، باغ اور مظفر آباد میں بزدلانہ میزائل حملے کیے۔

سرکاری نشریاتی ادارے ’پی ٹی وی نیوز‘ نے سیکیورٹی ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج بھارتی حملے کا بھرپور جواب دے رہی ہیں اور پاک فضائیہ نے جوابی کارروائی میں دشمن کے 3 لڑاکا طیارے مار گرائے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 29 جون 2025
کارٹون : 28 جون 2025