اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کا پاکستان پر بھارتی حملوں پر گہری تشویش کا اظہار
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے بھارت کی جانب سے پاکستان پر حالیہ میزائل حملوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
ترک خبر رساں ادارے ’انادولو‘ کی رپورٹ کے مطابق انتونیو گوتریس کے ترجمان نے کہا کہ سیکریٹری جنرل کو لائن آف کنٹرول اور بین الاقوامی سرحد پر بھارتی فوجی کارروائیوں پر گہری تشویش ہے۔
ترجمان اسٹیفن دوجارک نے ایک بیان میں کہا کہ سیکریٹری جنرل دونوں ممالک سے زیادہ سے زیادہ فوجی تحمل کا مطالبہ کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دنیا پاکستان اور بھارت کے درمیان فوجی محاذ آرائی کی متحمل نہیں ہو سکتی۔
انتونیو گوتریس کا یہ بیان بھارتی فوج کی جانب سے ’آپریشن سندور‘ کے تحت پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر میں 6 مقامات پر کیے گئے 24 میزائل حملوں کے فوری بعد سامنے آیا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان نے بھارتی حملوں کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے اس کے جدید ترین رافیل طیاروں سمیت 5 جنگی طیارے، متعدد ڈرونز اور کئی چیک پوسٹیں تباہ کردی ہیں۔