لاہور کی فضائی حدود کمرشل پروازوں کیلئے پھر بند کردی گئی، نیا نوٹم جاری
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) نے لاہور کی فضائی حدود بحال کرنے کے چند گھنٹوں کے بعد دوبارہ بند کردی۔
ڈان نیوز کے مطابق پاک - بھارت کشیدگی کے باعث لاہور کی فضائی حدود کو کمرشل پروازوں کے لیے دوبارہ بند کردیا گیا ہے، پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے نیا نوٹم جاری کر دیا ہے۔
پی اے اے کے نئے نوٹم کے مطابق لاہور کی فضائی حدود کے روٹ جے 165، جے 139 اور جے 186 روٹ کو فلائٹ آپریشن کے لیے بند کیا گیا ہے، فضائی حدود کے یہ روٹس آپریشنل وجوہات کے باعث 24 گھنٹے کے لیے بند کیے گئے ہیں۔
اسلام آباد ایئرپورٹ پر فضائی آپریشن بحال ہے، اسلام آباد آنے والی پروازوں کو ایئرپورٹ ٹریفک کنٹرول روم (اے ٹی سی) سے معاونت کے بعد آنے کی اجازت ہوگی۔
دوسری جانب بھارتی حملے کے باوجود تمام شہروں میں شہریوں نے بلاخوف و خطر معمول کی سرگرمیاں جاری رکھی ہوئی ہیں۔
پی اے اے کی جانب سے نئے جاری کردہ نوٹم میں کہا گیا ہے کہ آپریشنل پابندیوں کے دوران ایئر اسپیس کو 48 گھنٹوں کے لیے معطل کیا گیا تھا، رات کو پابندی کے نتیجے میں متاثرہ فضائی حدود اب مکمل طور پر دستیاب ہے۔
نوٹم میں کہا گیا ہے کہ علاقائی صورتحال کے پیش نظر مسافروں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ اپنی متعلقہ ایئرلائنز سے قریبی رابطے میں رہیں، پروازوں کے شیڈول اور راستوں کے بارے میں حتمی فیصلہ ایئرلائنز کا اختیار ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستان نے لاہور اور کراچی کی فضائی حدود 48 گھنٹے بعد بحال کی تھی، تاہم اب لاہور کی فضائی حدود کو دوبارہ بند کیا گیا ہے۔
معمولات زندگی رواں دواں، عوام پاک فوج کے شانہ بشانہ
بھارت کی جانب سے رات کی تاریکی میں بزدلانہ حملے عوام کے حوصلے پست نہیں کرسکے، ملک بھر میں معمولاتِ زندگی بھرپور طریقے سے رواں دواں ہیں، شہریوں کے جوش و جذبے اور ہمت و حوصلے آسمان کو چھو رہے ہیں، وہ پاک فوج کے شانہ بشانہ لڑنے کے عزم کا اظہار کر رہے ہیں۔
بہاولپور میں بھارتی جارحیت کے باوجود عوام نے حملے کا نشانہ بننے والی مسجد میں نماز فجر ادا کی ہے۔
بھارت کے رات گئے مرید کے میں مسجد پر کیے جانے والے بزدلانہ حملے کے بعد بھی علاقہ مکینوں کے حوصلے بلند ہیں، صبح ہوتے ہی اپنے کام کاج میں مصروف ہیں اور دکانیں کھول لی ہیں، زندگی معمول کے مطابق رواں دواں ہے، علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ دل میں کوئی خوف نہیں، بلکہ بھارت کو منہ توڑ جواب دینے کے لیے پر عزم ہیں، افواج پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
بھارت کی جانب سے بزدلانہ جارحیت نے عوام کے حوصلے مزید بڑھا دیے، کراچی کے شہری پرجوش ہیں اور پاک فوج کے ساتھ اظہار یکجہتی کر رہے ہیں۔
بھارتی حملے کے بعد لاہور میں معمولات زندگی رواں دواں ہے، تمام مارکیٹیں اور بازار کھلے ہیں اور عوام کے حوصلے بلند ہیں۔
ملک پر بھارت کی جانب سے جنگ مسلط کیے جانے کے باوجود پشاور میں کسی قسم کا خوف و ہراس نہیں، پشاور کے شہریوں نے بھارت کو منہ توڑ جواب دینے پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
پاکستان کی جانب سے بھارت کو دیے گئے منہ توڑ جواب کو عوام نے پاک فوج کو خراج تحسین پیش کیا اور ان کے ساتھ ہمیشہ کھڑے رہنے کا عزم کا اظہار کیا، کئی شہروں میں عوام سڑکوں پر نکل آئے، اور فوج سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے دشمن کے خلاف فوج کے شانہ بشانہ لڑنے کے عزم کا اظہار کیا۔