بھارت کا بزدلانہ حملہ: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں شدید مندی،3 ہزار 559 پوائنٹس کی تنزلی
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں شدید مندی دیکھنے میں آئی اور بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس 3 ہزار 559 پوائنٹس گر گیا، جس کی وجہ بھارت کی جانب سے گزشتہ رات پاکستان پر حملہ تھا، جبکہ جوابی کارروائی میں پاکستانی فوج نے 5 بھارتی طیارے مار گرائے تھے۔
پی ایس ایکس ویب سائٹ کے مطابق صبح مارکیٹ کے آغاز کے فوراً بعد تقریباً ساڑھے 9 بجے 100 انڈیکس 6 ہزار 560 پوائنٹس یا 5.78 فیصد تنزلی کے ساتھ ایک لاکھ 7 ہزار 7 پوائنٹس پر آگیا تھا، اس شدید مندی کے باعث مارکیٹ کو عارضی طور پر معطل کرنا پڑا۔
واضح رہے کہ یہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی تاریخ کی دوسری سب سے بڑی ایک روزہ کمی تھی، اس سے قبل گزشتہ ماہ امریکا کی جانب سے ٹیرف کے اعلان کے بعد 8,700 پوائنٹس کی کمی دیکھی گئی تھی۔
بعد ازاں مارکیٹ میں کچھ بحالی دیکھنے میں آئی اور انڈیکس 10 بج کر 34 منٹ پر 112,457.37 پوائنٹس تک پہنچا، لیکن کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای-100 انڈیکس ایک لاکھ 10 ہزار 9 پوائنٹس پر بند ہوا، جو 3 ہزار 559 یا 3.3 فیصد کی کمی ہے۔
چیس سیکیورٹیز کے ریسرچ ڈائریکٹر یوسف ایم فاروق نے کہا کہ مارکیٹ کا آغاز آج دباؤ کے ساتھ ہوا، جس کی وجہ بھارت کی جانب سے غیر مسلح شہریوں پر حملے تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کچھ فروخت دیکھی گئی ہے، اگرچہ حجم کم ہیں کیونکہ سرمایہ کار صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں، انہوں نے امید ظاہر کی کہ کشیدگی کم ہوتے ہی مارکیٹ میں بحالی متوقع ہے۔
وینچر فرمز کے چیف انویسٹمنٹ افسر شہباز اشرف نے بھی اس مندی کو بھارت کی جانب سے متعدد پاکستانی مقامات پر حملوں کے بعد بڑھتی ہوئی جغرافیائی سیاسی کشیدگی کو قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ کشیدگی سرمایہ کاروں کے جذبات کو متاثر کر رہی ہے، اور مزید بگاڑ کا خوف مارکیٹ پر دباؤ ڈال رہا ہے۔
پاک کویت انویسٹمنٹ کمپنی لمیٹد کے ریسرچ ہیڈ سمیع اللہ طارق نے کہا کہ آج کی فروخت کا اثر قلیل مدتی ہوگا اور اس صورتحال کے ختم ہوتے ہی مارکیٹ بحال ہو جائے گی۔
واضح رہے کہ بھارت نے گزشتہ رات، اندھیرے میں پاکستان کے شہری علاقوں پر حملہ کرکے طبل جنگ بجادیا تھا۔
بھارتی حملے کے بعد پاکستان کی مسلح افواج نے بزدلانہ حملے کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے بھارتی فضائیہ کے 3 رافیل طیاروں سمیت 5 جنگی طیارے گرائے اور ایک بریگیڈ ہیڈکوارٹر سمیت متعدد فوجی چیک پوسٹوں کو تباہ کردیا تھا۔
بعد ازاں، بھارتی فوج نے ایل اوسی کے چورا کمپلیکس پر سفید جھنڈ الہرا کر شکست تسلیم کرلی تھی۔












لائیو ٹی وی