پاک فوج سے اظہار یکجہتی کیلئے ملک بھر میں ریلیاں، شرکا کے پاک افواج زندہ باد کے نعرے

شائع May 7, 2025 اپ ڈیٹ May 8, 2025
— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

ملک کے مختلف شہروں میں پاک فوج سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلیاں نکالی گئیں جن میں اساتذہ، طلبا اور سول سوسائٹی نے شرکت کی اور پاک فوج کے حق میں نعرے لگائے۔

ڈان نیو زکے مطابق اسلام آباد میں پاک فوج سے اظہار یکجہتی کے لیے نمل یونیورسٹی کے طلبہ نے ریلی نکالی جس میں یونیورسٹی لیڈرشپ،اساتذہ، طلبہ اور انتظامیہ نے بھرپور شرکت کی۔

شرکاء نے ہاتھوں میں افواج پاکستان کے حق میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے اور وہ پاک فوج کے حق میں نعرے لگارہے تھے۔

شرکا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ قوم افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے اور ملک کی خودمختاری کے دفاع کیلئے پوری قوم متحد ہے، ریلی کے شرکا نے کہا کہ افواج کی قربانیوں پر پوری قوم کو فخر ہے۔

لاہور میں بھی پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے زیر اہتمام پاکستان زندہ آباد ریلی نکالی گئی، ریلی کے شرکا نے ہاتھوں میں قومی پرچم تھام رکھے تھے اور پاکستان زندہ باد کے نعرے بلند کررہے تھے۔

استنبول چوک اے شروع ہونے والی ریلی پنجاب اسمبلی ہال مال روڈ تک پہنچ کر اختتام پذیر ہوگی

دریں اثنا حب میں بھی بھارتی جارحیت کے خلاف ریسٹ ہاؤس سے ریلی نکالی گئی جس میں مختلف سیاسی جماعتوں اور مختلف سماجی طبقات سے تعلق رکھنےو الے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

ریلی کے شرکا نے بھارتی جارحیت کے خلاف نعرے بازی کی اور کہا کہ پک فوج کے شانہ بشانہ ہیں۔

دریں اثنا خیبر کے علاقے باڑہ میں بھی عوام نے ریلی نکال کر بھارت کی جارحیت کے خلاف افواجِ پاکستان سے اظہارِ یکجہتی کیا۔

ریلی میں قبائلی مشران، پولیس، ضلعی انتظامیہ اور عوام نے شرکت کی اور افواج پاکستان زندہ باد اور بھارتی جارحیت نامنظور کے نعرے لگائے۔

ملک بھر کی طرح پاکپتن میں بھی عوام کی پاک فوج سےاظہار یکجہتی ریلی نکالی گئی جس میں ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنےو الے افراد نے بھرپور شرکت کی۔

ریلی کے شرکا نے میں پاکستان ہوں، پاک فوج زندہ باد کے فلک شگار نعرے لگائے اور بھارتی جارحیت پر مسلح افواج کے منہ توڑ جواب پر پرجوش نظر آئے۔

چارسدہ کی تحصل شبقدر میں بھی افواجِ پاکستان سے اظہارِ یکجہتی کے لئے عوام نےریلی نکالی، ریلی کے شرکا نے بھارت کی جارحیت کیخلاف شدید احتجاج کیا اور افواجِ پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے۔ ریلی میں بلدیاتی نمائندگان،سیاسی جماعتوں کے رہنماوں تاجر برادر اور صحافیوں نے بھرپور شرکت کی۔

علاوہ ازیں خیرپور میں پولیس کی جانب سے پاک فوج سے اظہار یکجہتی ریلی نکالی گئی جس میں ایس ایس پی،ڈی ایس پی سمیت اہلکار شریک ہوئے، اور انہوں نے پاک فوج اور پاکستان زندہ آباد کے نعرے لگائے۔

اس موقع پر ایس ایس پی خیرپور نے کہا کہ پوری قوم پاک افواج کے شانہ بشانہ ہے۔

دریں اثنا پی ٹی وی سے گفتگو میں عوام نے اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت پہلے بھی رات کی تاریکی میں بزدلانہ حملہ کرچکا ہے،اس کا جواب انہیں دن میں ملتا ہے تو اسے تارے نظر آجاتے ہیں، پاکستان آرمی نے پیشہ ورانہ فوج ہونے کا ثبوت دیا ہے۔

ایک شہری نے کہا کہ بھارت نے چھپ کر حملہ کیا، اس سے بزدل ملک کوئی نہیں ہے، ہماری بہادر فوج نے ان کے پانچ جہاز گراکر انہیں بھاگنے پر مجبور کردیا، اس بار پانچ طیارے گرائے ہیں پھر کوشش کی تو اس سے زیادہ نقصان اٹھائے گا۔

ایک اور شہری نے کہا کہ ہمیں پاکستانی ہونے پر فخر ہے اور اہم اپنی فوج کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہم بھارت کی ہر قسم کی در اندازی کا بھرپور جواب دیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 17 جون 2025
کارٹون : 16 جون 2025