بھارتی حملوں پر ’انڈیا‘ کا نام لیے بغیر مذمت کرنے پر فواد خان کو تنقید کا سامنا
بھارت کی جانب سے 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب پاکستان کے 6 مقامات پر حملے کرکے 26 افراد کو شہید کرنے کے واقعے کی متعدد شوبز شخصیات نے بھارت کا نام لے کر مذمت کی تھی لیکن فواد خان نے انڈیا کا نام لینے سے گریز کیا تھا۔
فواد خان نے بھارتی حملوں کے بعد اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں حملوں کو ’شرمناک‘ قرار دیا تھا لیکن انہوں نے واضح طور پر انڈیا کا نام نہیں لیا تھا۔
فواد خان نے لوگوں سے درخواست کی تھی کہ ’اس تشویش ناک صورت حال معاملے کو مزید سنگین رخ نہ دیں‘۔ انہوں نے زخمی اور شہید افراد کے لواحقین سے اظہارِ تعزیت کیا اور کہا کہ ’میں امید کرتا ہوں کہ انشااللہ عقل و فہم کی جیت ہوگی‘۔
فواد خان کی جانب سے اپنی اسٹوری میں واضح طور پر بھارت کا نام نہ لکھنے پر انہیں تنقید کا سامنا ہے، سوشل میڈیا صارفین نے ان کے بیان کو سیاسی قرار دیا۔
زیادہ تر صارفین نے فواد خان کی انسٹاگرام اسٹوری کے اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے نشاندہی کی کہ اداکار نے اپنے کیریئر کی خاطر بھارت کا نام تک نہیں لیا۔
مداحوں نے لکھا کہ اداکار نے پاکستان پر کیے جانے والے حملوں کا ذمہ دار بھارت کو نہیں ٹھہرایا اور نہ ہی انہوں نے انڈیا کا نام لکھا۔
سوشل میڈیا صارفین نے اداکار کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے لکھا کہ ایک طرف پاکستان میں بچے کو مارا جا رہا ہے اور دوسری طرف اداکار امن کی بات کر رہے ہیں جب کہ انہوں نے بھارت کا نام تک نہیں لیا۔
بعض صارفین نے اداکار کی ایسی پوسٹ پر سخت رد عمل بھی دیا اور لکھا کہ بھارتی شوبز شخصیات پاکستان پر حملے پر جشن منا رہی ہیں اور بچوں کو شہید کرنے پر خوش ہو رہی ہیں، دوسری طرف فواد خان جیسی ہماری شخصیات خوشنودی میں مصروف ہیں۔
کچھ افراد نے ان کے رویے کو نامناسب بھی قرار دیا اور ساتھ ہی کچھ نے لکھا کہ انہیں بھارتی حملوں پر انڈیا کا نام تک نہ لینے پر شرم آنی چاہیے۔