ایرانی اور سعودی وزرائے خارجہ کا دورہ بھارت، جے شنکر سے ملاقاتیں
پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران ایران اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ نے بھارت کا دورہ کرکے بھارتی ہم منصب جے شنکر سے ملاقاتیں کی ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی نے نئی دہلی میں آج بھارتی ہم منصب سے ملاقات کی۔
اس موقع پر بھارتی وزیر خارجہ ایس جئے شنکر نے کہا کہ بھارت کسی بھی فوجی کارروائی پر پاکستان کو جواب دے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا ردعمل ٹارگٹڈ اور نپا تلا تھا، ہمارا صورتحال کو خراب کرنے کا ارادہ نہیں ہے تاہم اگر ہم پر فوجی حملے ہوتے ہیں تو اس میں کوئی شک نہیں ہونا چاہیے کہ اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
دریں اثنا، سعودی عرب کے وزیرمملکت برائے امور خارجہ عادل الجبیر بھی بھارت پہنچ گئے اور بھارتی وزیرخارجہ جے شنکر سے ملاقات کی، ملاقات میں دونوں رہنماؤں کے درمیان باہمی دلچسپی کےامور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔