امریکی سیکریٹری خارجہ کا بھارتی ہم منصب سے رابطہ، پاک بھارت کشیدگی میں کمی پر زور

شائع May 8, 2025
— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

امریکی سیکریٹری خارجہ کی بھارتی ہم منصب سے ٹیلی فونک گفتگو، پاکستان سے کشیدگی کم کرنے پر زور دیا۔

امریکی حکومت کی ویب سائٹ کے مطابق سیکریٹری آف اسٹیٹ ( سیکریٹری خارجہ) مارکو روبیو نے بھارتی وزیر برائے امور خارجہ سبرامنیم جے شنکر سے ( ٹیلی فونک ) بات چیت کی۔

مارکو روبیو نےپاکستان اور بھارت کے درمیان جاری کشیدگی کو فوری طور پر کم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

امریکی وزیرخارجہ نے بھارت اور پاکستان کے درمیان براہ راست مذاکرات کے لیے امریکی حمایت کا اظہار کیا اور مواصلات کو بہتر بنانے کی مسلسل کوششوں کی حوصلہ افزائی کی۔

مارکو روبیو نے پہلگام میں ہونے والے خوفناک دہشت گردانہ حملے پر اپنے تعزیتی کلمات کا اعادہ کیا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھارت کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے امریکا کے عزم کا اعادہ کیا۔

واضح رہے کہ 22 اپریل 2025 کو پہلگام میں سیاحوں کی ہلاکت کے بعد بھارت نے 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب، اندھیرے میں پاکستان کے شہری علاقوں پر حملہ کرکے طبل جنگ بجادیا تھا۔

بھارتی حملے کے بعد پاکستان کی مسلح افواج نے بزدلانہ حملے کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے بھارتی فضائیہ کے 3 رافیل طیاروں سمیت 5 جنگی طیارے مارے گرائے، جب کہ ایک بریگیڈ ہیڈکوارٹر سمیت متعدد فوجی چیک پوسٹوں کو تباہ کردیا تھا، بھارتی فوج نے ایل اوسی کے چورا کمپلیکس پر سفید جھنڈ الہرا کر شکست تسلیم کرلی تھی۔

آج بھی پاک افواج نے دراندازی کرتے ہوئے ملک کے مختلف علاقوں میں داخل ہونے والے 29 بھارتی ڈرونز کو مار گرایا۔

علاوہ ازیں قومی سلامتی کمیٹی نے پاک فوج کو جوابی کارروائی کے لیے اجازت اور مکمل اختیارات دے دیے ہیں، پاکستان نے بھارت کے حملے کا بھرپور جواب دینے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 14 جون 2025
کارٹون : 13 جون 2025