• KHI: Asr 5:00am Maghrib 5:00am
  • LHR: Asr 5:00am Maghrib 5:00am
  • ISB: Asr 5:00am Maghrib 5:00am
  • KHI: Asr 5:00am Maghrib 5:00am
  • LHR: Asr 5:00am Maghrib 5:00am
  • ISB: Asr 5:00am Maghrib 5:00am

پاک فوج کے منہ توڑ جواب پر بھارت بوکھلا گیا، آئی پی ایل ایک ہفتے کیلئے معطل

شائع May 9, 2025
— فوٹو: ہندوستان ٹائمز
— فوٹو: ہندوستان ٹائمز

بھارتی کرکٹ بورڈ ( بی سی سی آئی) نے پاک بھارت کشیدگی اور سیکیورٹی خدشات میں اضافے کے باعث انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) ایک ہفتے کے لیے مدت کے لیے معطل کر دی۔

برطانوی نشریاتی ادارے ’بی بی سی‘ کی رپورٹ کے مطابق دی بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے کہا کہ اس نے فیصلے سے قبل فرنچائزز، براڈکاسٹرز اور اسپانسرز سمیت اہم شراکت داروں سے مشورہ کیا تھا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ بی سی سی آئی کو اپنی مسلح افواج کی طاقت اور تیاریوں پر پورا بھروسہ ہے لیکن بورڈ نے تمام شراکت داروں کے اجتماعی مفاد میں کام کرنا دانشمندانہ سمجھا۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق بی سی سی آئی کے اعزازی سیکریٹری دیوجیت سیکیا نے بیان میں مزید کہا کہ کرکٹ قومی جنون ہے، لیکن قوم اور ہماری ملک کی خود مختاری، سالمیت اور سیکیورٹی سے مقدم کچھ نہیں ہے’۔

جمعرات کو دھرم شالا میں پنجاب کنگز اور دہلی کیپٹلز کے درمیان آئی پی ایل کا میچ فلڈ لائٹ میں خرابی کی وجہ سے درمیان میں ہی منسوخ کر دیا گیا تھا اور کھلاڑیوں، عملے اور میڈیا کو شہر سے باہر نکالنا پڑا تھا۔

بعد ازاں گزشتہ روز پاکستان سپر لیگ کے بقیہ میچز متحدہ عرب امارات منتقل کردیے گئے تھے۔

دنیا کی امیر ترین فرنچائز ٹی 20 لیگ آئی پی ایل 23 مئی تک جاری رہے گی جس میں مزید 16 میچز کھیلے جانے ہیں۔

بی سی سی آئی نے مزید کہا ہے کہ نئے شیڈول اور ٹورنامنٹ کے مقامات کے بارے میں مزید تفصیلات جلد ہی مناسب صورتحال کی جامع تشخیص کے بعد متعلقہ حکام اور شراکت داروں سے مشاورت کے بعد جاری کی جائیں گی۔

انگلش ٹیم کے 10 سابق اور موجودہ کھلاڑی آئی پی ایل کے رواں سیزن میں مختلف ٹیموں کی نمائندگی کررہے ہیں جن میں سابق وائٹ بال کپتان جوش بٹلر، فاسٹ باؤلر جوفرا آرچر اور آل راؤنڈر جیکب بیٹھل بھی شامل ہیں۔

آئی پی ایل کے میچز پہلے بھی بھارت سے باہر منعقد کیے جا چکے ہیں، 2009 کا ایڈیشن جنوبی افریقہ میں منعقد ہوا تھا جس کے بعد پاکستان کے لاہور میں سری لنکن قومی ٹیم پر حملہ ہوا تھا، جبکہ کرونا وبا کے باعث 2020 اور 2021 کے نصف سیزن کے میچز متحدہ عرب امارات میں منعقد کیے گئے تھے۔

بھارتی اخبار ’ہندوستان ٹائمز‘ کی رپورٹ کے مطابق یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب گزشتہ روز پنجاب کنگز اور دہلی کیپٹلز کے درمیان دھرمشالا میں کھیلا جانے والا میچ حفاظتی مسائل کی وجہ سے منسوخ کر دیا گیا تھا، یہ مقام پٹھان کوٹ سے 10 کلومیٹر سے بھی کم فاصلے پر واقع ہے، جہاں فضائی حملے کا ہنگامی انتباہ جاری کیا گیا تھا، جس کی وجہ سے بی سی سی آئی نے یہ فیصلہ کیا۔

گزشتہ روز دھرمشالا میں بارش کی وجہ سے مقررہ وقت کے بعد شروع ہونے والا میچ اچانک روک دیا گیا تھا اور اسٹیڈیم کی فلڈ لائٹس بجھا دی گئی تھیں۔

ابتدا میں فلڈ لائٹس کی بندش کو تکنیکی خرابی سمجھا گیا، لیکن جب کھلاڑیوں اور انتظامیہ کو فضائی حملے کے خطرات کے بارے میں آگاہ کیا گیا تو صورتحال تیزی سے بگڑ گئی۔

ایک کھلاڑی نے ’انڈین ایکسپریس‘ کو بتایا کہ دونوں ٹیموں میں خوف تھا اور غیر ملکی کھلاڑی خاص طور پر اپنی حفاظت کے بارے میں فکر مند تھے۔ آسٹریلوی میڈیا نے پہلے رپورٹ کیا تھا کہ ان کے کھلاڑیوں نے بھی اپنی حفاظت کے بارے میں تشویش کا اظہار کیا اور وہ گھر واپس جانا چاہتے تھے۔

واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں سیاحوں کی ہلاکت کے بعد بھارتی جارحیت پر پاک فوج نے روایتی حریف کو بھرپور جواب دیا تھا جس کے باعث تین رافیل طیاروں سمیت 5 طیارے تباہ کردیے گئے تھے جس سے بھارتی حکومت کو دنیا بھر میں ہزیمت کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 24 مئی 2025
کارٹون : 22 مئی 2025