• KHI: Zuhr 12:29pm Asr 5:10pm
  • LHR: Zuhr 11:59am Asr 4:52pm
  • ISB: Zuhr 12:05pm Asr 5:01pm
  • KHI: Zuhr 12:29pm Asr 5:10pm
  • LHR: Zuhr 11:59am Asr 4:52pm
  • ISB: Zuhr 12:05pm Asr 5:01pm

جنگی جنون میں مبتلا بولی وڈ ’آپریشن سندور، پہلگام حملہ‘ پر فلمیں اور ویب سیریز بنانے کے لیے کوشاں

شائع May 9, 2025
—فوٹو: انسٹاگرام
—فوٹو: انسٹاگرام

مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں ہونے والے حملے اور 7 مئی کو بھارت کی جانب سے پاکستان پر کیے گئے حملوں کے بعد متعدد بولی وڈ پروڈکشن ہاؤسز اور پروڈیوسرز دونوں واقعات پر حقائق کو توڑ مروڑ کر فلمیں اور ویب سیریز بنانے کے لیے کوشاں ہیں۔

ترک خبر رساں ادارے ’ٹی آر ٹی گلوبل‘ نے متعدد بھارتی ویب سائٹس کی خبروں کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ بھارت کے پاکستان پر حملے کے ایک گھنٹے بعد ہی متعدد بھارتی پروڈیوسرز نے ’آپریشن سندور‘ کے نام سے ویب سیریز اور فلمیں بنانے کے لیے ٹائٹل کو رجسٹرڈ کروانے کی درخواستیں دیں۔

بھارتی قوانین کے تحت پروڈیوسرز اور پروڈکشن ہاؤسز کو سیاسی اور سماجی واقعات پر فلمیں بنانے کے لیے حکومت کی جانب سے استعمال کیے جانے والے الفاظ کو نام میں استعمال کرنے کے لیے پہلے رجسٹریشن کروانی پڑتی ہے۔

متعدد بھارتی پروڈکشن ہاؤسز اور پروڈیوسرز نے ٹائٹل رجسٹریشن کرنے والے اداروں کو ’آپریشن سندور، پہلگام حملہ اور سندور آپریشن‘ جیسے ناموں کی رجسٹریشن کے لیے درخواستیں دے دیں۔

درخواست دینے والے پروڈکشن ہاؤسز میں ریلائنس پروڈکشن، دی موشن پکچرز اور دوسرے ادارے بھی شامل ہیں۔

علاوہ ازیں متعدد انفرادی پروڈیوسرز نے بھی ’آپریشن سندور، پہلگام حملہ اور سندور آپریشن‘ جیسے ناموں کے ٹائٹل کی رجسٹریشن کے لیے اپنی درخواستیں دے دیں۔

زیادہ تر پروڈکشن ہاؤسز اور انفرادی افراد نے ہندی زبان میں فلمیں اور ویب سیریز بنانے کے لیے ٹائٹل رجسٹریشن کی درخواست دی ہیں۔

اگرچہ ابھی تک کسی بھی پروڈکشن کمپنی، پروڈیوسر، ہدایت کار یا اداکار نے واضح طور پر ’پہلگام حملہ اور آپریشن سندور‘ کے نام سے فلم یا ویب سیریز بنانے کا اعلان نہیں کیا، تاہم اطلاعات ہیں کہ متعدد افراد اور ادارے فلمیں بنانے کے لیے کوشاں ہیں۔

بولی وڈ پروڈکشن ہاؤسز اور پروڈیوسرز ہمیشہ ہی پاکستان اور مسلم مخالف بنانے میں پہلے کرتے ہیں اور بولی وڈ کو تاریخ اور حقائق کو مسخ کرنے میں برتری حاصل رہی ہے۔

بولی وڈ کی متعدد فلمیں پاکستان مخالف، کشمیر مخالف اور مسلم مخالف ہیں، جنہیں نہ صرف پاکستان بلکہ دیگر ممالک کی جانب سے بھی پابندی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

ابھی یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ ’پہلگام حملہ اور آپریشن سندور‘ پر کب تک اور کس ہدایت کار و اداکار کی جانب سے فلم یا ویب سیریز سامنے آئے گی، تاہم امکان ہے کہ اگلے چند ماہ میں اس حوالے سے مزید معلومات دستیاب ہوگی۔

کارٹون

کارٹون : 24 مئی 2025
کارٹون : 22 مئی 2025