جنگی صورتحال میں مسلح افواج کیلئے پاکستان ریلوے کی خصوصی ٹرینیں مختص
جنگ جیسی صورتحال کے پیش نظر پاکستان ریلوے (پی آر) کے آپریشنز کو ملک بھر میں ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے، پاکستان ریلوے کی جانب سے مسلح افواج کی جنگی صورتحال میں نقل و حرکت کے لیے تیار کی گئی خصوصی ٹرینوں کو فورسز استعمال کرسکیں گی۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق چیف ایگزیکٹو افسر پاکستان ریلوے عامر علی بلوچ نے ’ڈان‘ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم مسلح افواج کے ساتھ رابطے میں ہیں، تاکہ انہیں جب بھی ضرورت ہو نقل و حمل سے متعلق خدمات فراہم کی جا سکیں، اس مقصد کے لیے رولنگ اسٹاک کو (ویگنز، کوچز، انجن وغیرہ) مختص کیا گیا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ جب ہمیں اسٹاک منتقل کرنے کہا جائے گا، تو ہم کچھ ہی وقت میں انہیں فراہم کر دیں گے، ہم تیار ہیں اور اپنی افواج کے ساتھ کھڑے ہیں۔
عامر علی بلوچ کے مطابق پاکستان ریلوے کی مسافر اور مال بردار ٹرینوں کا آپریشن معمول کے مطابق جاری ہے، ریلوے کو ابھی تک کسی مسئلے کا سامنا نہیں ہے۔
تاہم ٹرینوں کے آپریشن، ریلوے اسٹیشنز وغیرہ کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے، ریلوے آپریشنز کو کم کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے، مخصوص مدت کے لیے فضائی حدود کی بندش اور وقتاً فوقتاً طیاروں کے آپریشنز کی معطلی کے دوران ایسا نہیں کیا جاسکتا۔
انہوں نے کہا کہ ہم اپنی ٹرینوں میں ان تمام مسافروں کو سہولت فراہم کرنا چاہتے ہیں، جو ہوائی سفر کر رہے تھے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بڑے اسٹیشنز اور ٹرینوں کی سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔