بھارتی جارحیت پر عاطف اسلم اور راحت فتح علی خان کیوں خاموش ہیں؟ مشی خان
اداکارہ و ٹی وی میزبان مشی خان نے گلوکار عاطف اسلم اور راحت فتح علی خان کو بھارتی جارحیت پر خاموشی اختیار کرنے پر آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے سوال کیا ہے کہ دونوں کیوں خاموش ہیں اور کہاں غائب ہیں؟
مشی خان نے انسٹاگرام پر مختصر ویڈیو شیئر کی، جس میں انہوں نے دونوں گلوکاروں کی خاموشی پر سوال اٹھایا۔
انہوں نے ویڈیو میں بتایا کہ بھارتی حملوں اور جارحیت میں 33 معصوم پاکستانی شہید ہوگئے لیکن عاطف اسلم اور راحت فتح علی خان نے کچھ نہیں بولا۔
ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں ہونے والے حملے میں 26 بھارتیوں کی ہلاکت پر پوری بھارتی فلم انڈسٹری اٹھ کھڑی ہوئی تھی لیکن پاکستان پر ہونے والے حملوں پر دونوں پاکستانی معروف گلوکار خاموش ہیں۔
مشی خان کے مطابق دونوں بھارت میں انتہائی مقبول گلوکار ہیں اور یہ کہ انہیں عاطف اسلم اچھے بھی لگتے ہیں لیکن دونوں پاکستان پر ہونے والے حملوں پر کیوں خاموش ہیں؟
اداکارہ نے کہا کہ راحت فتح علی خان اور عاطف اسلم کی خاموشی ان کی سمجھ سے باہر ہے، پاکستان کے معصوم لوگ جانوں سے گئے لیکن وہ ابھی تک غائب ہیں۔
مشی خان کا کہنا تھا کہ شاید عاطف اسلم سوئے ہوئے ہیں، انہیں کسی نے بتایا نہیں کہ پاکستان پر بھارت نے حملہ کرکے معصوم شہریوں کو شہید کردیا۔
انہوں نے راحت فتح علی خان کا بھی مذاق اڑایا اور کہا کہ شاید وہ شہد اور دم والا پانی پی کر سوگئے ہیں، اس لیے انہیں کچھ پتا نہیں چل رہا۔
مشی خان نے دونوں گلوکاروں کو بھارتی جارحیت پر خاموشی اختیار کرنے پر آڑے ہاتھوں لیا اور ان کی خاموشی پر سوال اٹھائے، ساتھ ہی مطالبہ کیا کہ تمام شوبز شخصیات کو بھارتی جارحیت پر کھل کر بات کرنی چاہیے۔
خیال رہے کہ بھارت نے 6 اور 7 مئی کو پاکستان کے 6 علاقوں پر حملے کیے، جس سے 26 افراد شہید ہوگئے جب کہ 8 مئی کو بھارت نے پاکستان کے متعدد علاقوں میں اسرائیلی ساختہ ڈرون چھوڑے۔
اسی طرح بھارت کی جانب سے 9 مئی کو بھی اسرائیلی ساختہ ڈرونز کو پاکستان کے مختلف علاقوں میں چھوڑے جانے کا سلسلہ جاری رہا اور پاک فوج نے بھارتی ڈرونز کو مار گرایا۔