کراچی سمیت ملک بھر کیلئے بجلی ایک روپے55 پیسے فی یونٹ سستی
کراچی سمیت ملک بھر کے لیے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی ایک روپے55 پیسے فی یونٹ سستی کر دی گئی۔
نیشنل پاور الیکٹرک ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے سی ماہی ایڈجسٹمنٹ میں بجلی کی قیمت میں کمی کا نوٹی فکیشن جاری کر دیا۔
نوٹی فکیشن کے مطابق بجلی کی قیمت میں کمی جنوری تا مارچ2025 کی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں کی گئی، اس تنزلی کا اطلاق کے الیکڑک سمیت تمام ڈسکوز صارفین پر ہوگا۔
نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ بجلی کی قیمت میں کمی کا اطلاق مئی،جون اور جولائی 2025 کے 3 ماہ کے لیے ہوگا۔
اس میں مزید کہا گیا کہ بجلی صارفین کو کمی کا 52 ارب 60 کروڑ 30 لاکھ روپے کا ریلیف ملے گا، بجلی کی قیمت میں کمی کا اطلاق لائف لائن اور پری پیڈ صارفین پر نہیں ہوگا۔
واضح رہے کہ بجلی تقسیم کارکمپنیوں نے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں بجلی سستی کرنے کی درخواست کی تھی، نیپرا نے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی درخواست پر گذشتہ ماہ سماعت کی تھی۔
ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بھی بجلی کی قیمت میں کمی
دریں اثنا، ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کراچی کے لیے بجلی کی قیمت میں 3 روپے 64 پیسے فی یونٹ کی کمی کر دی گئی جبکہ باقی ملک کے لیے بجلی 29 پیسے فی یونٹ سستی کی گئی ہے۔
نیپرا نے ماہانہ ایڈجسٹمنٹ میں بجلی کی قیمت میں کمی کےالگ الگ نوٹیفکیشنز جاری دیے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق بجلی صارفین کو کمی کا ریلیف مئی کے بلوں میں ملے گا، کے الیکٹرک کے لیے بجلی فروری 2025 کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ میں سستی کی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ باقی ملک کے لیےمارچ 2025 کی ایڈجسٹمنٹ میں بجلی کی قیمت میں کمی کی گئی ہے۔