بھارت کو جواب دینے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں تھا، سب کچھ دفاع میں کیا ہے، اسحٰق ڈار
نائب وزیراعظم اور وزیہر خارجہ اسحٰق ڈار نے کہا ہے کہ ہم نے جواب دیا، دنیا دیکھ رہی ہے، بھارت جارحیت سے باز نہیں آرہا، پاکستان سب کچھ اپنے دفاع میں کر رہا ہے، بھارت کے کئی ڈرون گرادیے گئے۔
’جیو نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے نائب وزیر اعظم اسحٰق ڈار نے کہا کہ پاکستان دفاعی کارروائی کر رہا ہے، بھارت کے فوجی اقدامات کا جواب دینے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں تھا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے پچھلے 3 دن جو تماشا برپا کیا، ہم بھارت کو تسلط کا دعویٰ کرنے نہیں دیں گے، پاکستان کی مسلح افواج اور حکومت مصمم ارادہ رکھتی ہے کہ یہ نہیں ہونے دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص ختم ہونے کا انحصار اس بات پر ہے کہ بھارت کیا چاہتا ہے، ہماری فوجی سول قیادت نے نور خان ایئر بیس پر حملے کے بعد آپریشن کا فیصلہ کیا، مزید صبر نہیں کرسکتے تھے، ہم صرف انہیں جواب دے رہے ہیں۔
اسحٰق ڈار نے کہاکہ اب تک ہم نے بہت صبر دکھایا ہے، ہر چیز کی ایک حد ہوتی ہے، جس سے ہم آگے نہیں بڑھ سکتے، خاص طور پر جب بات منافقت اور دوہرے معیار کی ہو۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی فوجی سول قیادت کی طرف سے اٹھایا گیا یہ اقدام متناسب ہے، اب بھی بہت سے مزید اقدامات کیے جا سکتے ہیں، اور ہم اس کے لیے تیار ہیں، لیکن یہ اس وقت کیا جانے والا کم از کم اقدام ہے، جو کچھ وقت جاری رہے گا۔ بھارت نے جو کچھ کیا، ہم صرف اس کا بدلہ لے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پہلے دن ہم نے اپنی جگہ پر رہتے ہوئے ان طیاروں پر حملہ کیا، جو پاکستان میں داخل ہوئے، جن میں سے ہم نے 5 کو مار گرایا تھا، واضح ہدایات تھیں کہ ہم حملے کے موڈ میں نہ آئیں، ہمارا صبر آزمایا گیا اور اب یہ ختم ہو چکا ہے، اور جو اقدامات کیے گئے، وہ دفاعی ہیں، دنیا یہ دیکھ سکتی ہے۔