برطانیہ، جرمنی، سعودی عرب کا پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کا خیرمقدم
برطانیہ، جرمنی اور سعودی عرب نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کا خیرمقدم کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں برطانوی سیکریٹری خارجہ ڈیوڈ لیمی نے کہا ہے کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان جنگ بندی انتہائی خوش آئند ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں دونوں فریقوں سے اس کو برقرار رکھنے کی اپیل کرتا ہوں، کشیدگی ختم کرنا سب کے مفاد میں ہے۔
سعودی عرب کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور عادل الجبیر نے بھی پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کا خیرمقدم کیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک پوسٹ کے مطابق نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحٰق ڈار کا سعودی وزیر مملکت برائے خارجہ امور عادل الجبیر سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا، جنہوں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کے مفاہمت کا خیر مقدم کیا۔
ادھر، جرمنی نے بھی پاک-بھارت جنگ بندی کے اعلان کا خیرمقدم کیا ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق جرمن دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کا جنگ بندی پر رضا مند ہونا کشیدگی سے نکلنے کا پہلا اہم قدم ہے۔
امید ہے جنگ بندی معاہدے سے دیرپا امن قائم ہوگا، سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ
دریں اثنا، اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرس نے بھی پاکستان اور بھارت کی طرف سے اعلان کردہ جنگ بندی کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے ایک ’مثبت قدم‘ قرار دیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق ترجمان سٹیفن دجاری نے بتایا کہ انتونیو گوتیرس کو امید ہے کہ یہ معاہدہ دیرپا امن کے لیے کردار ادا کرے گا اور دونوں ممالک کے درمیان وسیع تر، دیرینہ مسائل کو حل کرنے کے لیے سازگار ماحول کو فروغ دے گا۔