نریندر مودی کے جنگی جنون نے بھارت کو بند گلی میں دھکیل دیا، شاہد آفریدی
قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کو اب اندازہ ہوگیا کہ پاکستان سے الجھنا مہنگا پڑگیا جب کہ نریندر مودی کے جنگی جنون نے بھارت کو بند گلی میں دھکیل دیا ہے۔
بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے اور آپریشن بُنیان مّرصُوص کی کامیابی پر آج ملک بھر میں یومِ تشکر منایا جارہا ہے، پاکستان میں یوم تشکر کے موقع پر بچوں سمیت شہری کے جذبے بلند ہیں، ہر شہری کے لبوں پر صرف پاک فوج زندہ باد کا نعرہ ہے۔
سی ویو کراچی پر یوم تشکر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ پہلے ہی کہا تھا کہ نریندر مودی انسان کا بچہ نہیں بنے گا، بھارت میں اقلتیوں سے ساتھ ظلم ہورہا ہے، نہ مسلمان اور نہ ان کی مساجد، نہ سکھ اور دیگر اقلیتیں محفوظ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نریندر مودی پتا نہیں کس سوچ کا انسان ہے، مودی شراتیں کرتا ہے، ہندو کارڈ کھیلتا ہے لیکن اب ان کے بڑے ابو میدان میں آچکے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے، بھارت کو اب اندازہ ہوگیا کہ پاکستان سے الجھنا مہنگا پڑگیا اور نریندر مودی کے جنگی جنون نے بھارت کو بند گلی میں دھکیل دیا ہے۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ بھارت نے ہمارے معصوم بچوں کو شہید کیا، سویلین آبادی پر حملے کئے گئے لوگ شہید ہوئے، مساجد شہید کی گئی کئی، ہم امن پسند لوگ ہیں اور ہمارا مذہب امن کا درس دیتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بغیر ثبوت کے پہلگام واقعے کا الزام ہم پر لگایا گیا، بھارت کا میڈیا 50 فیصد بالی ووڈ اور 50 فیصد کارٹون نیٹ ورک ہے۔
ایک سوال کے جواب میں سابق کپتان نے کہا کہ حملہ کیا ہے تو اب نتائج بھگتو، نریندر مودی پاکستان سمیت پوری دنیا میں بدنام ہورہا ہے جب کہ اس نے کینیڈا میں سکھوں پر حملہ کیا وہاں منہ کی کھانا پڑی۔
اس موقع پر عام شہریوں نے پاک افواج پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت مسلسل حملے کر رہا تھا۔ جب پاک افواج نے جواب دیا تو بھارت خاموش ہوگیا، پاک افواج کا بھارت کو منہ توڑ جواب نے بھارتی حکومت کو دنیا کے سامنے منہ دیکھانے کے قابل نہ چھوڑا۔
شہریوں کا کہنا تھا کہ جب بھی بھارت میں عام انتخابات ہوتے ہیں اس سے پہلے مودی حکومت کچھ نہ کجھ دہشتگردی کرا کر الزام پاکستان پر لگا دیتی ہے لیکن اب پاکستان کے جواب کے بعد مودی دوبارہ ایسی غلطی کا سوچے گا بھی نہیں۔













لائیو ٹی وی