قومی اسمبلی اجلاس: آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پر اظہار تشکر کی قرارداد متفقہ طور پر منظور

شائع May 12, 2025
— فوٹو: اسکرین شارٹ
— فوٹو: اسکرین شارٹ

قومی اسمبلی کے اجلاس میں بھارت کے بزدلانہ حملوں میں شہید ہونے والے پاکستانیوں کے لیے دعائے مغفرت کرائی گئی جبکہ آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پر اظہار تشکر کی مشترکہ قرارداد متفقہ طور پر منظور کی گئی۔

اجلاس قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق کی زیرِ صدارت ہوا۔

اسپیکر سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ 7 مئی کو بھارت کی طرف سے بزدلانہ حملوں میں درجنوں پاکستانی شہید ہوئے، اس کے علاوہ بھی پاکستان میں ایسے بہت واقعات ہوئے۔

سردار ایاز صادق نے کہا کہ ان سب واقعات میں شہید ہونے والوں کے لیے دعائے مغفرت کرلیں، جس پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما علی محمد خان نے شہدا کے لیے دعائے مغفرت کرائی۔

دریں اثنا، اجلاس میں یہ بات سامنے آئی کہ ملک میں غربت کی شرح کس رفتار سے بڑھ رہی ہے،اس حوالے سے حکومت لاعلم نکلی۔

وفاقی وزیرِ منصوبہ بندی احسن اقبال نے تحریری جواب قومی اسمبلی میں جمع کرا دیا، جس میں کہا گی اہے کہ ملک میں غربت کی شرح کا آخری سروے 19-2018 میں کیا گیا تھا۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی کا کہنا تھا کہ سال 19-2018 میں غربت کی شرح 21.9 فیصد تھی، خاندان کی مجموعی آمدن اور اخراجات کے تازہ ترین سروے 2025 میں طے ہے۔

تحریری جواب میں مزید کہا گیا کہ پاکستان ادارہ شماریات شرح غربت کے تعین کے لیے ڈیٹا جمع کر رہا ہے۔

قومی اسمبلی اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی بشیر خان نے سوال اٹھایا کہ کون سے اداروں کی نجکاری مکمل ہوچکی ہے اور حاصل ہونے والی رقم کی تفصیل کیا ہے؟

پارلیمانی سیکریٹری آسیہ اسحٰق نے قومی اسمبلی میں جواب دیا کہ اکتوبر نومبر میں پی آئی اے کی نجکاری مکمل ہو جائے گی۔

روز ویلٹ ہوٹل کو جوائنٹ وینچر کے ذریعے چلانے کا ارادہ ہے، خواجہ آصف

وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ روز ویلٹ سے منفرد پراپرٹی آپ کو نہیں ملے گی، حکومت سوچ رہی ہے کہ جوائنٹ وینچر کے طور پر اس پر کام کرے، دوسری صورت میں حکومت روزویلٹ کو مکمل طور پر بیچنا چاہتی ہے۔

قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ آج کے دن کی نسبت سے قرارداد لا رہے ہیں، پاکستان کی مسلح افواج نے سرحدوں کی حفاظت کی اور ہم سرخرو ہوئے۔

پارلیمان میں موجود تمام سیاسی جماعتوں نے ایک زبان ہوکر پاکستان زندہ باد کا نعرہ بلند کیا، وفاقی وزیر نے کہا کہ آج کی قردادار تمام سیاسی جماعتوں کی اجازت اور تعاون سے تیار کی گئی ہے۔

ایوان آرمڈ فورسز کو خودمختاری اور سالمیت کی حفاظت پر خراج تحسین پیش کرتا ہے، قرارداد

قومی اسمبلی اجلاس میں آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پر اظہار تشکر کی مشترکہ قرارداد متفقہ طور پر منظور کی گئی، جسے وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے پیش کیا۔

قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ تمام قوم دشمن کی جارحیت کے خلاف کامیابی پر اللہ تعالیٰ کے سامنے سربسجود ہے، ایوان پاکستان کی آرمڈ فورسز کو پاکستان کی خودمختاری اور سالمیت کی حفاظت پر خراج تحسین پیش کرتا ہے۔

قرارداد کے مطابق قومی اسمبلی بھارتی حملوں میں شہید ہونے والے بہادروں کو خراج تحسین پیش کرتی ہے، ایوان پاکستان کی حمایت پر دوست ممالک کا شکریہ ادا کرتا ہے۔

قرارداد میں مزید کہا گیا ہے کہ ایوان پاکستان کے عالمی امن اور استحکام کے لیے غیر متزلزل عزم کی حمایت کرتا ہے، اور ایوان جموں و کشمیر کے مسلئے کا کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کے لیے حکام سے عالمی سطح پر کوششیں کرنے کا مطالبہ کرتی ہے۔

پیٹرولیم ترمیمی بل، اسلام آباد مقامی حکومت ترمیمی بل ایوان میں پیش

دوران اجلاس وزیر برائے پیٹرولیم نے پیٹرولیم ترمیمی بل 2025 پیش کردیا، جو قائمہ کمیٹی کے سپرد کردیا گیا۔

وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے علاقہ دارالحکومت اسلام آباد مقامی حکومت ترمیمی بل 2025 ایوان میں پیش کر دیا، جسے متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کردیا گیا۔

اسی طرح آف دی گرڈ (کیپٹو پاور پلانٹس) لیوی آرڈیننس 2025 قومی اسمبلی میں پیش کر دیا گیا، پاکستان پیپلز پارٹی کے سید نوید قمر نے حکومت کی جانب سے آرڈیننس پیش کیے جانے پر تحفظات کا اظہار کر دیا۔

سید نوید قمر کا کہنا تھا کہ حکومت قانون سازی کے روایتی طریقے کی بجائے آرڈیننس کے اجراء پر انحصار کررہی ہے۔

اجلاس میں وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے نیشنل اسکول آف پبلک پالیسی ترمیمی بل 2025 ایوان میں پیش کیا۔

اسی طرح آسان کاروبار بل 2025 قومی اسمبلی میں وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ کی جانب سے پیش کیا گیا۔

اسی طرح پیٹرولیم ایکٹ 1934 میں ترمیم کا بل قومی اسمبلی میں پیش کیا گیا، پیٹرولیم ترمیمی بل 2025 وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے پیش کیا۔

مسلم لیگ (ن) کے رکن اسمبلی سعد وسیم انکم ٹیکس (دوسری ترمیم) بل 2025 قومی اسمبلی میں پیش کیا۔

پاکستان شہریت ترمیمی بل 2024 پر قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کی رپورٹ ایوان میں پیش کی گئی۔

پاکستان لینڈ پورٹ اتھارٹی بل 2024 اور عطائے شہریت ترمیمی بل 2024 پر قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کی رپورٹ بھی قومی اسمبلی میں پیش کی گئی۔

خصوصی ٹیکنالوجی زونز اتھارٹی ترمیمی بل 2025 سینیٹ سے منظور شدہ شکل میں قومی اسمبلی میں پیش کیا گیا۔

قومی اسمبلی نے کثرت رائے سے خصوصی ٹیکنالوجی زونز اتھارٹی ترمیمی بل 2025 کی منظوری دے دی۔

دوران اجلاس قومی کمیشن برائے حقوق اقلیتاں بل 2025 ایوان میں پیش کرنے کی تحریک پیش کی گئی۔

وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے کمیشن کے قیام کی ضرورت ہے، اس بل پر سینیٹ اور قومی اسمبلی کے اراکین کا اتفاق موجود ہے۔

وفاقی وزیر قانون نے کہا کہ کمیشن وزارت مذہبی امور سے اٹھا کر وزارت انسانی حقوق کے ماتحت کیا جائے گا، کمیشن میں آزادانہ اراکین بھی ہوں گے۔

پیپلزپارٹی کے رکن قومی اسمبلی نوید عامر جیوہ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اس بل میں تمام اقلیتی برادری متفق ہے، آج پاکستان کی اقلیتوں کے لیے ایک تاریخی دن ہے۔

نوید عامر جیوہ کا کہنا تھا کہ افواج پاکستان نے جنگ کو جیتا ہے، کامران مسیح راجوری ائیربیس کو تباہ کرکے آیا۔

قومی کمیشن برائے حقوق اقلیتاں بل 2025 کثرت رائے سے منظور

جمیعت علمائے اسلام (ف) اور پی ٹی آئی نے بل پیش کرنے کی تحریک کی مخالفت کی، جے یو آئی کی رکن اسمبلی عالیہ کامران کا کہنا تھا کہ اقلیتوں سے متعلق امور اب صوبوں کا استحقاق ہے، ہم نے یہ بل پڑھا بھی نہیں ہے، اس بل کمیٹی کو بھیجا جائے۔

اس موقع پر پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی علی محمد خان کا کہنا تھا کہ اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ اسلام میں موجود ہے، درخواست ہے اس بل پر بحث کے لیے اسے کمیٹی میں بھیجا جائے۔

قومی کمیشن برائے حقوق اقلیتاں بل 2025 پیش کرنے کی تحریک منظور کر لی، قومی اسمبلی میں قومی کمیشن برائے حقوق اقلیتاں بل 2025 کی شق وار منظوری ہوئی۔

قومی اسمبلی نے قومی کمیشن برائے حقوق اقلیتاں بل 2025 کی کثرت رائے سے منظوری دے دی۔

قومی اسمبلی اجلاس میں قومی کمیشن برائے انسانی حقوق کی سالانہ رپورٹ برائے سال 2023 اور 2024 ایوان میں پیش کی گئی، ششماہی بجٹ جائزہ رپورٹ برائے سال 25-2024 بھی قومی اسمبلی میں پیش کیا گیا۔

پاکستان کی معیشت کی صورتحال پر سیٹیٹ بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی ششماہی رپورٹ برائے سال 25-2024 ایوان میں پیش۔

اجلاس میں فیڈرل پبلک سروس کمیشن کی سالانہ رپورٹ برائے سال 2023 ایوان میں پیش کی گئی۔

پاکستان کی معیشت کی صورتحال پر سیٹیٹ بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی ششماہی رپورٹ برائے سال 25-2024 ایوان میں پیش کی گئی۔

قومی اسمبلی اجلاس میں ساہیوال میں دریائے جہلم پر پشتے تعمیر نہ کرنے پر توجہ دلاؤ نوٹس ایوان میں پیش کی گئی، وفاقی وزیر آبی وسائل معین وٹو کا کہنا تھا کہ یہاں 2017 میں ایک پل تعمیر کرنے کا فیصلہ ہوا تھا، سیلابی صورتحال میں اردگرد کے گاؤں بہت متاثر ہوتے ہیں۔

بعد ازاں، قومی اسمبلی اجلاس کل صبح 11 بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 13 جون 2025
کارٹون : 12 جون 2025