دشمن کی کوئی بھی سازش مسلح افواج کے عزم کو متزلزل نہیں کرسکتی، آرمی چیف

شائع May 12, 2025
— فوٹو: آئی ایس پی آر
— فوٹو: آئی ایس پی آر

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ دشمن کی کوئی بھی سازش پاکستان کی مسلح افواج کے عزم کو متزلزل نہیں کرسکتی جب کہ ہمارے شہریوں اور سپاہیوں کی بہادری اور قربانی پاکستان کی سلامتی کی بنیاد ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے سی ایم ایچ راولپنڈی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے زخمی اہلکاروں اور شہریوں کی عیادت کی اور ان کی خیریت دریافت کی

اس دوران، پاک فوج کے سربراہ فرداً فرداً ہر زخمی اہل کار سے ملے، ان کی غیر معمولی بہادری اور فرض شناسی کو سراہا۔

آرمی چیف نے مسلح افواج کی جانب سے زخمیوں کی مستقل دیکھ بھال، بحالی اور فلاح بہبود کے عزم کااعادہ کیا۔

اس موقع پر اپنی گفتگو میں جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ ہمارے شہریوں اور سپاہیوں کی بہادری اور قربانی پاکستان کی سلامتی کی بنیاد ہے، پوری قوم اپنی مسلح افواج کے ہر فرد کے ساتھ پر عزم یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ معرکہ حق / آپریشن بنیان مرصوص کے دوران متحد اور پر عزم ردعمل سامنے آیا، یہ رد عمل عوام کی ثابت قدمی، حمایت کے ساتھ ملک کی عسکری تاریخ کا ایک فیصلہ کن باب بن چکا ہے۔

آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا مزید کہنا تھا کہ دشمن کی کوئی بھی جارحیت پاکستان کی مسلح افواج کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتا۔

واضح رہے کہ پاکستان نے 10 مئی کو بھارتی جارحیت کے جواب میں ’آپریشن بنیان مرصوص‘ کا آغاز کیا تھا۔

پاکستان کی مسلح افواج نے آپریشن بنیان مرصوص کے دوران بھارت میں ادھم پور، پٹھان کوٹ، آدم پور ایئربیسز اور کئی ایئرفیلڈز سمیت براہموس اسٹوریج سائٹ اور ایس 400 میزائل دفاعی نظام کے علاوہ متعدد اہداف کو تباہ کردیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 5 دسمبر 2025
کارٹون : 4 دسمبر 2025