پاکستان سپر لیگ کے بقیہ میچز کا حتمی شیڈول جاری
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دسویں ایڈیشن کے بقیہ 8 میچز کا حتمی شیڈول جاری کردیا گیا ہے جس کے تحت پہلا میچ 17 مئی کو راولپنڈی اور فائنل 25 مئی کو لاہور میں کھیلا جائے گا۔
ڈان نیوز نے گزشتہ روز ذرائع سے یہ خبر نشر کی تھی کہ پی ایس ایل 10 کے بقیہ 8 میچز کروانے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے جس کے لیے 17 سے 25 مئی کی تاریخ رکھی گئی ہے اور یہ میچز راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اس خبر کی تصدیق کرتے ہوئے پاکستان سپر لیگ کے دسویں ایڈیشن کے بقیہ میچز کے لیے حتمی شیڈول جاری کردیا۔
خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاک بھارت جنگ کے باعث پی ایس ایل غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردیا تھا۔
پی سی بی کے مطابق 17 مئی بروز ہفتہ کو پشاور زلمی کا مقابلہ کراچی کنگز سے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگا۔
اسی طرح، 18 مئی کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم ڈبل ہیڈر کی میزبانی کرے گا، دوپہر میں ملتان سلطانز کا میچ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے ہوگا اور شام کو پشاور زلمی اور لاہور قلندرز آمنے سامنے ہوں گے۔
19 مئی کو اسلام آباد یونائیٹڈ اور کراچی کنگز ایونٹ کے آخری گروپ میچ میں مدمقابل ہوں گے جس کے بعد پہلا کوالیفائر 21 مئی کو لاہور میں ہوگا جب کہ ایلیمینیٹر 1 اور کوالیفائر 2 بالترتیب 22 اور 23 مئی کو ہوں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ دوپہر کا واحد میچ مقامی وقت کے مطابق سہ پہر 3 بجے شروع ہوگا جب کہ شام کے میچز مقررہ وقت کے مطابق شام 7.30 بجے ہوں گے۔
پی سی بی کے مطابق پاکستان سپر لیگ 10 کا فائنل قذافی اسٹیڈیم لاہور میں 25 مئی کو کھیلا جائے گا جب کہ ٹکٹوں سے متعلق تفصیلات جلد شیئر کی جائیں گی۔
یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے دسویں ایڈیشن کے بقیہ میچز کے لیے تمام فرنچائزز اپنے غیر ملکی کھلاڑیوں سے رابطے میں ہیں اور متعدد کھلاڑیوں نے واپس آنے کی حامی بھی بھرلی ہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ جن فرنچائزز کو غیر ملکی کھلاڑی دستیاب نہیں ہوں گے ان کے بدلے مقامی کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کی ٹیموں کے درمیان 5 میچز پر مشتمل ٹی20 سیریز کا انعقاد لاہور اور فیصل آباد کے اسٹیڈیمز میں ہوگا۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش سیریز کے لیے آنے والی براڈ کاسٹنگ ٹیم ہی پی ایس ایل 10 کے بقیہ میچز کی براڈ کاسٹنگ کرے گی۔












لائیو ٹی وی